پاکستانی ہونہار طلبہ کے اعزاز میں ثقافتی شام

پاکستانی سفارت خانہ، انقرہ

رپورٹ: شبانہ ایاز
(انقرہ) 21 اکتوبر 2025ء

پاکستانی ہونہار طلبہ کے اعزاز میں ثقافتی شام

ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستان کے ایک ممتاز طلبہ وفد کے اعزاز میں ایک خوبصورت ثقافتی شام کا اہتمام کیا۔ یہ وفد وزیرِ اعظم پاکستان کے خصوصی اقدام کے تحت ترکیہ کا دورہ کر رہا ہے، جس کا مقصد قابل طلبہ کی حوصلہ افزائی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

تقریب میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جُنید اور ترکیہ کی وزارتِ قومی تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ایوپ تانئیلدیز سمیت سینئر حکام اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ (PEISG) کے طلبہ نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے، جن میں پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ ورثے، روایات اور اقدار کو اجاگر کیا گیا۔

اپنے خطاب میں سفیر ڈاکٹر یوسف جُنید نے کہا کہ طلبہ کا یہ دورہ وزیرِ اعظم جناب شہباز شریف کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور ترکیہ کے ساتھ تعلیمی و ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دی اور انہیں پاکستان کے نوجوان سفیروں کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

سفیرِ پاکستان نے ترکیہ کی وزارتِ تعلیم کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طلبہ کے تبادلے، اساتذہ کی تربیت، اور نصاب کی تیاری میں ترکیہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

استقبالیہ خطاب میں ایوپ تانئیلدیز نے کہا کہ اس طرح کے دورے دونوں ممالک کے طلبہ کو ایک دوسرے کی ثقافتوں کو سمجھنے اور پائیدار دوستیوں کے قیام کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ تعلیمی اور تحقیقی میدانوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔

تقریب کے اختتام پر سفیر ڈاکٹر یوسف جُنید نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے تعلقات کو “ایک قوم، دو ریاستیں” قرار دیتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وفد کے 149 طلبہ میں سے 70 طلبہ کا پہلا گروپ اس وقت ترکیہ میں موجود ہے۔ اس سے قبل طلبہ نے اِستنبول میں تین روزہ قیام کے دوران تاریخی مقامات اور معروف جامعات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترکیہ کے ثقافتی اور تعلیمی ماحول کا عملی مشاہدہ کیا۔