عوام پاکستان پارٹی بلوچستان نے ایف بی آر سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا

عوام پاکستان پارٹی بلوچستان نے ایف بی آر سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا
سید امان شاہ،کنوینر عوام پاکستان پارٹی۔بلوچستان

کراچی: عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی کنوینر بلوچستان سید امان شاہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ، جوکہ اس وقت ٹیکس سال 2025 کے لیے 15 اکتوبر 2025 مقرر ہے،کو 31 اکتوبر 2025 تک بڑھا دیا جائے۔عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی کنوینر بلوچستان سید امان شاہ نے ٹیکس دہندگان کے لیے دوستانہ رویہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر فوری اقدامات کرے؛ تاکہ،ان مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو ان کے قانونی فرائض پورے کرنے، ذہنی دباؤ سے بچانے اور سہولت دینے کے لیے آخری تاریخ میں توسیع نہایت ضروری ہے۔سید امان شاہ نے مزید کہا کہ بہت سے ٹیکس دہندگان ضروری مالیاتی ریکارڈ جمع کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں، جس کی بڑی وجہ ایف بی آر کے آن لائن پورٹل کی سست رفتاری اور بار بار پیش آنے والے تکنیکی مسائل ہیں، جو ریٹرنز جمع کروانے کے عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری ادارے اپنے ERP سسٹمز کو ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں؛ جس کی وجہ سے ٹیکس کمپلائنس میں تاخیر ہو رہی ہے۔سید امان شاہ نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں کم از کم 31 اکتوبر 2025 تک توسیع دے دی جائے؛ تاکہ، ٹیکس دہندگان کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔

جاری کردہ
صوبائی ترجمان عوام پاکستان پارٹی۔ بلوچستان