سعودی عرب نے وزٹ ویزا ہولڈرز کے لیے رعایتی مدت میں 30 دن کی توسیع کر دی

سعودی حکومت نے ان افراد کے لیے ایک اہم سہولت کا اعلان کیا ہے جن کے وزٹ ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مملکت نے رعایتی مہلت میں 30 دن کی اضافی مدت فراہم کر دی ہے، تاکہ ایسے افراد بغیر کسی قانونی خلاف ورزی کے ملک چھوڑ سکیں۔

یہ سہولت پہلی بار رواں سال جون میں ہجری سال 1447ھ کے آغاز پر متعارف کرائی گئی تھی، اور اب اس میں توسیع کر دی گئی ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس (جوازات) کے مطابق یہ 30 دن کی اضافی مہلت 1 صفر 1447ھ، یعنی 26 جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو چکی ہے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد ان افراد کو قانونی طریقے سے روانگی کا موقع فراہم کرنا ہے جن کا وزٹ ویزا ختم ہو چکا ہے۔ تاہم، اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے لازمی ہے کہ درخواست گزار تمام واجب الادا فیس اور جرمانے ادا کریں، جیسا کہ موجودہ قوانین اور ضوابط کے تحت ضروری ہے۔

جوازات نے وضاحت کی ہے کہ اس توسیع سے فائدہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد وزارتِ داخلہ کے آن لائن پلیٹ فارم “ابشر” پر “توسل” سروس کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

سعودی حکام نے تمام وزٹ ویزا ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ اس مخصوص مدت میں دی جانے والی رعایت سے فائدہ ضرور اٹھائیں، کیونکہ یہ سہولت محدود وقت کے لیے فراہم کی گئی ہے۔