سعودی عرب میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے باعث ایک ہی خاندان کے سات پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے یہ افراد عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب زائرین عرفات سے مدینہ کی جانب سفر کر رہے تھے اور ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد عمر باچا کے خاندان کے رکن ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کی نماز جنازہ سعودی عرب میں آج رات ادا کی جائے گی، جبکہ زخمیوں کو طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بونیر کے علاقے ڈاگئی طوطالئی میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور اہل خانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سال اپریل میں بھی سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس ایک حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس میں ضلع بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے پانچ پاکستانی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ وہ زائرین میدان بدر کی زیارت کرکے مدینہ واپس آ رہے تھے جب بس ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی تھی۔ اس بس میں 48 عمرہ زائرین سوار تھے۔























