کینیڈا کے صو بے برٹش کولمبیا میں پشتون کلچرل ایسوسی ایشن کا فعال کردار پشتون کمیونٹی کی فلاح و بہبود بنیادی مقصد ہے پشتون اسٹرائیکرز نے ٹیپ بال کرکٹ میں میدان مار لیا ٹیم کے مالک امین خان کا پرتکلف عشائیہ ایسوسی ایشن کے صدر امین خان سے بات چیت

مسرور احمد مسرور

میرا پشاور سے بہت گہرا تعلق رہا ہے۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی تعلیم پشاور کے تعلیمی اداروں میں حاصل کی، وہاں رہتے ہوئے پشتون بھائیوں کے بھی بہت قریب رہے جو نہایت بہادر، محنتی، مہمان نواز اور اپنی ثقافت پر فخر کرنے والے لوگ ہیں۔ اپنے ملک سے ہزاروں میل دور کینیڈا آیا تو مختلف مساجد میں نماز پڑھنے کا موقعہ ملا، تو میں نے وہاں پشتون بھائیوں کو بڑی تعداد میں دیکھا اور خوشی ہوئی جس کے بعد اتفاقیہ ایک پشتون بھائی امین خان سے ملاقات ہوئی اور یہ جان کر میری خوشی میں اضافہ ہوا کہ وہ یہاں پشتون کمیونٹی کو آپس میں جوڑ کر رکھنے کے لیے پشتون کلچرل ایسوسی ایشن آف برٹش کولمبیا قائم کیے ہوئے ہیں اور اس کی سربراہی بھی کر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی کمیونٹی میں اتحاد و یگانگت کے جذبے کے تحت مختلف نوعیت کی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں میں اپنی یوتھ کو مصروف رکھتے ہیں۔ 14 اگست کو ایک شان دار کار ریلی کا اہتمام کرتے ہیں جس میں سو سے زائد کاریں حصہ لیتی ہیں۔ یہ کار ریلی ہالینڈ پارک سے شروع ہو کر سری کی جامع مسجد پر ختم ہوتی ہے۔ تمام راستے دوسری تمام

کمیونٹی کے لوگ اس کار ریلی کا استقبال کرتے ہیں۔ عید کے موقع پر چاند رات کو موسیقی کے رنگارنگ تفریحی پروگرامات منعقد کیے جاتے ہیں۔ مشہور پشتون گلوکار رحیم شاہ آفریدی کے آنے پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس کے علاوہ عید کے موقع پر میوزک نائٹ میں مشہور گلوکاروں کو بلا کر خوشی کے لمحات کا سامان مہیا کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں سنی خان شگن اور

وکرم کو بلایا گیا جنھوں نے موسیقی کے سروں پر آواز کے جادو بکھیرتے ہوئے سننے والوں کو محظوظ کیا۔
پشتون کلچرل ایسوسی ایشن آف بی سی کے تمام پروگراموں میں پشتون کمیونٹی کے علاوہ بھی دوسری کمیونٹی کے لوگ دلچسپی لے کر شریک ہوتے ہیں اور سیاسی لوگ بھی شریک ہوتے ہیں۔
ایسوسی ایشن کی سرپرستی میں ٹیپ بال کرکٹ کی ایک ٹیم پشتون اسٹرائیکرز بنائی گئی جس نے پہلی دفعہ ٹیپ بال کی پریمیئر لیگ میں حصہ لے کر فاتح ٹیم کا ٹائٹل حاصل کیا۔

امین خان نے بتایا کہ یہاں آنے والے پشتون کمیونٹی کے لوگوں کی ہر طرح سے راہنمائی کی جاتی ہے اور انھیں مکمل تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔
امیر خان لالہ جو ایسوسی ایشن کے نائب صدر ہیں نے بتایا کہ ہماری کمیونٹی کے جو لوگ کینیڈا آتے ہیں انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے تمام مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ پشتون خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے فیملی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے پشتون کلچر کو اجاگر کرنے اور اپنی مادری زبان کو فروغ دینے کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھتے ہیں اور انٹرنیشنل مدر لینگویج ڈے مناتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے کو آرڈینیٹر ذبیح اللہ نے بتایا کے پشتون کمیو نٹی امین خان کی سربراہی میں فلاح و بہبود کے کاموں پر ترجیحی بنیادوں پر عمل پیرا ہے اس کے بعد تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب متوجہ ہوتے ہیں تاکہ نئی نسل مصروف رہے۔ حال ہی میں برٹش کولمبیا جو کینیڈا کا ایک اہم صوبہ ہے کے علاقے سری میں ڈیلٹا پریمئر ٹیپ بال کرکٹ لیگ کا انعقاد ہوا جس میں 9 ٹیموں نے حصہ لیا اور پشتون اسٹرائیکرز نے شان دار کھیل پیش کرتے ہوئے لیگ کی وننگ ٹرافی حاصل کی۔ پشتون کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر امین خان پشتون اسٹرائیکرز کے اونر (Owner) ہیں۔ انھوں نے اپنی ٹیم کی شان دار کامیابی پر ایک عشائیے کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور امین خان کو ٹیم کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ ٹیم کے کپتان عمران علی اعوان نے بتایا کہ وہ 16 سال سے ٹیپ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اور کئی ٹیموں کو کامیابی سے ہمکنار کروانے میں اپنا کردار ادا کر چکے ہیں۔ اب ہماری نظریں اگلے سال دبئی میں ہونے والی ٹیپ بال کرکٹ لیگ پر جمی ہوئی ہیں، جس میں ایک مضبوط ٹیم لے کر شرکت کریں گے اور لیگ میں کامیابی حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔عمران علی اس سے پہلے ملائیشیا میں ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کر چکے ہیں۔