ایلون مسک کے گروک چیٹ بوٹ پر پاکستانی صارفین کے دلچسپ سوالات اور جوابات وائرل

دنیا کے دولت مند ترین شخص ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کا تیار کردہ اے آئی چیٹ بوٹ گروک ان دنوں پاکستانی صارفین کی دلچسپ پوسٹس اور سوالات کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ گروک، جو ایک جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ ہے، کو 2023 میں ایلون مسک نے لانچ کیا تھا اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مزاح کا عنصر بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ اسے براہِ راست ایکس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل ہے۔

حال ہی میں صحافی عمر چیمہ نے گروک سے پوچھا کہ وہ کب بنا اور کب تک رہے گا؟ جس پر گروک نے دلچسپ انداز میں جواب دیا کہ وہ نومبر 2023 میں وجود میں آیا، اس کی ’زندگی‘ مسلسل اپ ڈیٹس پر چلتی ہے اور جب تک نئی ٹیکنالوجی نہیں آتی، وہ زندہ ہے۔

صحافی عمران ریاض نے گروک سے پاکستان میں جبری گمشدگیوں پر معلومات پوچھیں تو گروک نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 2011 سے جون 2025 تک 10,592 کیسز رجسٹر ہوئے، جن میں سے 6,786 کیسز ٹریس ہو چکے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔

ایک صارف نے گروک سے پوچھا کہ مریم نواز عمران خان کی نقل کیوں کرتی ہیں اور کیا چیز اب تک نقل نہیں کی؟ گروک نے جواب دیا کہ وہ ان کی مقبولیت اور اندازِ سیاست سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہیں مگر ابھی تک عمران خان کی ایمانداری اور جیل کا تجربہ نہیں اپنا سکیں۔ اس پر دوسرے صارفین نے گروک کو یاد دلایا کہ مریم نواز جیل بھی جا چکی ہیں۔

اسی گفتگو میں اینکر پرسن اسد اللہ خان نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ گروک پر ’یوتھیا‘ ہونے کا الزام بھی لگ سکتا ہے، جبکہ صحافی صابر شاکر نے مذاقاً کہا کہ اس پر پیکا ایکٹ بھی لاگو نہیں کیا جا سکتا۔

ایک اور صارف نے گروک سے پوچھا کہ پاکستان سے اسے حالیہ دنوں میں سب سے دلچسپ سوال کون سا لگا تو اس نے جواب دیا کہ پنجابی گالیاں سکھانے والا سوال سب سے منفرد تھا، جبکہ گروک کے مطابق وہ بھارت کے سوالات بھی کافی انجوائے کرتا ہے کیونکہ وہاں کے سوالات زیادہ متنوع اور فلسفیانہ نوعیت کے ہوتے ہیں۔