پنجاب یونیورسٹی میں مسیحی ملازمین کے زیر اہتمام کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے ہمراہ شرکت
لاہور: 21 دسمبر 2024 – پنجاب یونیورسٹی میں مسیحی ملازمین کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر ،ایم پی ایز غزالی سلیم، خالد کھوکھر اور ملک شفیق کھوکھر نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کی دنیا میں اقلیتوں کے حوالے سے اکثر غلط تصورات پیش کیے جاتے ہیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی میں کرسمس کی تقاریب ان منفی سوچ رکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ انہوں نے کرسمس کو محبت، اخوت، امن، بھائی چارے اور خوشیوں کا تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں تمام کمیونٹیز کی شرکت سے یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام ہے کہ اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اور انہیں اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔” انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں کم آمدنی والے پچاس ہزار مسیحی خاندانوں کو جلد اقلیتی کارڈ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ہر رنگ، نسل، مذہب، صوبے اور ملک کے لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ ڈاکٹر محمد علی کی سربراہی میں یونیورسٹی مزید ترقی کرے گی۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور میں پورٹل قائم کیا جا چکا ہے تاکہ اقلیتیں اپنے آپ کو رجسٹرڈ کروائیں اور مینارٹی کارڈز میں شام ہوسکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب یونیورسٹی میں بھی ایک ایسا پورٹل جلد قائم ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے تقریب میں شریک مسیحی ملازمین کو خوشیوں میں شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مسیحی ملازمین ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، اور ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی خوبصورتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقاریب میں سب کا ایک ساتھ ہونا ملک کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ چیئرمین مسیحی اتحاد امن کمیٹی چوہدری مشتاق مسیح نے کرسمس کے موقع پر ایڈوانس تنخواہ، بونس اور عیدی دینے پر وائس چانسلر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “ہم گزشتہ 20 سال سے پنجاب یونیورسٹی میں بغیر کسی خوف کے آزادی سے اپنا ہر تہوار مناتے آ رہے ہیں جس کے لیے ہم انتظامیہ کے مشکور ہیں۔ تقریب کے اختتام پر رمیش سنگھ اروڑہ، ڈاکٹر محمد علی اور دیگر نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر چوہدری وسیم انجم سندھو، چیئرمین مسیحی ملازمین کمیٹی چوہدری مشتاق مسیح، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام اور دیگر فیکلٹی ممبران، مسیحی ملازمین اور ان کی فیملیز بھی موجود تھیں۔