سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے پیش رفت جائزہ اجلاس کی صدارت کی


لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے پیش رفت جائزہ اجلاس کی صدارت کی.
جس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور پروگرام وڈائریکٹر ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے پروگرام کے مختلف پہلوؤں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس گزشتہ روز پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر برڈ ووڈ روڈ لاہور منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس رانا عدیل، اے ڈی ایس ٹیکنیکل ڈاکٹر یونس، ڈائریکٹر ایچ آئی ایس ڈی یو احمر خان اور این ایچ ایس پی کی کور ٹیم نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور پروگرام وڈائریکٹر ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے انٹیگریٹڈ ریفرل سسٹم مینجمنٹ جس میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات سے اعلیٰ سطح کے صحت کی سہولیات کے لئے مریضوں کی منتقلی بارے میں آگا ہ کیا ۔ انہوں نے 19 دیہی مراکز صحت (آر ایچ سی) میں خصوصی صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی اور کم کارکردگی والے اضلاع میں ٹی بی کیس کی اطلاع کی شرح میں بہتری کے ذریعے خدمات کی توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر گوندل نے امیونائزیشن پر توسیعی پروگرام کے سالانہ ورک پلان کا مزید خاکہ پیش کیا جس کا مقصد پینٹا ویلنٹ-1 ویکسین کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج طے شدہ اہداف میں کم از کم ایک فیصد اور مکمل حفاظتی ٹیکوں والے بچوں (ایف آئی سی) کے لیے پانچ فیصد یا اس سے زیادہ بڑھانا ہے۔مزید برآں انہوں نے کینسر رجسٹری کے ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کرنے اور ہیلتھ کیئر مینیجرز کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے کم از کم سروس ڈیلیوری اسٹینڈرڈز (ایم ایس ڈی ایس) کے نفاذ اور لائسنسنگ سمیت بنیادی دیکھ بھال کی سہولیات میں معیار کی بہتری کے اقدامات کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری نادیہ ثاقب نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقررہ وقت کے اندر طے شدہ اہداف کو پورا کرنے کے لیے پروگرام کی رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ کو الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ سسٹم اور کینسر رجسٹری کیس کے ریکارڈ کے ساتھ مربوط کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری صاحبہ نے اپنے اختتامی کلمات میں صحت عامہ کی خدمات کے انتظام میں شفافیت اور جوابدہی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے این ایچ ایس پی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پروگرام کو آگے بڑھانے میں اپنا بہترین کام جاری رکھیں۔