شہری اساتذہ کے اندرون سندھ دوردراز علاقوں میں تبادلوں پر تعجب کا اظہار

میرپورخاص رپورٹتحسین احمدخان ~
سابق رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر ظفر کمالی، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم،جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، محمود عباسی و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں شہری اساتذہ کے اندرون سندھ دوردراز علاقوں میں تبادلوں پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ٹی آر قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اساتذہ کے بلاجواز تبادلوں کی مذمت کرتے ہیں۔محکمہ تعلیم کے متعصب افسران نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔کرپٹ افسران پے درپے متعصبانہ اقدامات کے ذریعے شہری اساتذہ پر عرصہ حیات تنگ کرتے جارہے ہیں جبکہ ایس ٹی آر پالیسی کو مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بند اسکول کھولنے کے لئے حال ہی میں سینکڑوں تقرریاں کی گئیں لیکن اس کے باوجود 170سینئر اساتذہ کے اچانک جبری تبادلے کردیئے گئے جبکہ ایس ٹی آر قانون کے مطابق تعلقہ کے اندر ہی تبادلے اور تقرریاں ہونی چاہئیں۔ تعلقوں سے باہر تبادلے متنازعہ بن چکے ہیں ۔ماضی میں بھی شہری اساتذہ کے تبادلے کرکے شہری طلبا کو قابل اساتذہ سے محروم کردیا گیا تھا۔انہوں نے متنبہ کیا کہ محکمہ تعلیم کے متعصب و بدعنوان افسران اپنا قبلہ درست کرلیں، روش نہ بدلی تو شدید ردعمل فطری امر ہے۔ایم کیو ایم پاکستان آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گی۔ انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ ایس ٹی آر پالیسی کی آڑ میں بدترین کرپشن اور متعصبانہ اقدامات سے متعلقہ افسران کوباز رکھا جائے اور اساتذہ کے غیرقانونی تبادلے فی الفور منسوخ کئے جائیں۔