رپورٹ: محمد عامر صدیق
وطن سے ہزاروں میل دور بسنے والے وطن میں گزرے دنوں کو بھول نہیں سکتے دیار غیر میں بسنے والوں کی یہ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو وطن سے محبت اور وطن کی ثقافت سے اگاہ رکھیں. یوم آزادی پاکستان کے موقع پرایک خصوصی میلہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دوناو پارک 22 ڈسٹرکٹ میں پاک فرینڈز آسٹریا کی جانب سے 11 اگست بروز اتوار 12 بجے منعقد کیا گیا۔ 14 اگست کی مناسبت سے دنیا بھر میں پاکستانی اپنی ازادی کا جشن مناتے ہیں۔ جو کہ اپنے روایتی لباس زیب تن کیے ایک ساتھ اکٹھے ہوتے ہیں، جو منظر دیکھنے والے کو سکون و سرور بخشتا ہے اور ملک پاکستان سے محبت اور محب وطن پاکستانی ہونے کا اپنا فرض نبھاتے ہیں۔ پاک فرینڈ اسٹریا کے زیر انتظام 14 اگست یوم ازادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں جشن ازادی میلے کا اہتمام کیا گیا۔میلے کا باقاعدہ اغاز تلاوت قران پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد ظفر کو حاصل ہوئی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سعادت مقصود مغل نے بڑے عقیدت سے پیش کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید غالب حسین شاہ نے بخوبی نبھائے۔
میلے کا مقصد پاکستان کے یومِ آزادی کا جشن اور کمیونٹی میں یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ تھا۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے ریکارڈ شرکت کرکے پردیس میں یوم ازادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ اس موقع پر پاکستانی اور انٹرنیشنل کمیونٹی کے سیاسی، سماجی، مذہبی، ادبی، اسٹوڈنٹس اور کاروباری شخصیات نے بھر پور شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی طور پر پاکستان سفارتخانہ ویانا کے پاکستانی کمیونٹی افیئرز قونصلر شہزاد سلیم
اور سفارتخانہ پاکستان کے اسٹاف سمیت پاکستانی کمیونٹی نے یورپ کے دوسرے ملکوں اور آسٹریا کے دور دراز کے شہروں سینک پولٹن، سالزبرگ، انس بروک، لینز،گراس، ہورن اور کریمز سے خواتین و بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دیگر مہمانان گرامی میں شہر کی اہم شخصیات خصوصاً قانون ساز اداروں ،پرنٹ میڈیا ، الیکٹرانک میڈیا کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ جشنِ آزادی میلے کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک تھے۔ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں جشن ازادی کے اس پر مسرت موقع پر اپنی جانب سے اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام کی جانب سے تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر میلے کے انعقاد کو
سراہتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیام پاکستان کے لئے کوششوں کو اجاگر کیا۔ مزید ان کا کہنا تھا ۔ اس میلے نے پردیس میں دیس کا جو سما باندھا ہے اس کی مثال بہت کم ہی دیکھنے کو میسر آتی ہے۔ مزید انہوں نے پاک فرینڈ اسٹریا کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یکجا کرنے، پاکستان کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔جشن آزادی کے میلے میں شریک کمیونٹی ممبرز نے پاکستان کی آزادی کی مناسبت سے تاریخی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بانی ء پاکستان محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر پاک فرینڈ اسٹریا علامہ غلام مصطفی بلوچ نے کہا کہ اج جشن ازادی میلے کا مقصد آنیوالی نسلوں کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان کسطرح معرض وجود میں آیا۔ کشمیر افیئر کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر شوکت مسرت ایوان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں تمام پاکستانیوں کو 14 اگست کی مبارک باد پیش کی اور ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسٹریا میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی ہمیشہ کامیابیوں کا قدم چومے اور ملک پاکستان کا نام روشن کرے۔ اج کے اس موقع پر ہم اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے۔ کشمیر کا ظلم اور ستم بند ہونا چاہیے۔ اس پلیٹ فارم پر بھی اج ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھول سکتے۔ آزادی کے میلے میں مختلف ثقافتی پرفارمنسز پیش کی گئیں جن میں روایتی موسیقی اور ٹیبلوز شامل تھے۔ ان پروگرامز نے پاکستانی ثقافت کی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔میلے میں مختلف روایتی لذیذ پاکستانی کھانوں سے لوگوں کی تواضع کی جا رہی تھی۔ جبکہ بچوں کے لئے مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ آسٹریا کے شہر سالزبرگ سے ائے ہوئے مہمان چوہدری غلام مصطفی گجر اور چوہدری اظہر ورک کی جانب سے میلے میں ائے ہوئے تمام بچوں کے لیے تحائف رکھے گئے تھے۔ جو کہ بچوں کی دلچسپی کا مرکز بنے رہے۔ بچوں کے علم میں اضافے کے لیے سوالات پوچھے گئے اور ان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آسٹریا کی خاتون اول پاکستانی سفیر محمد کامران اختر ملک کی اہلیہ مسز رضوانہ کاظمی اختر نے جیتنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین دنیا میں ترقی کر رہی ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں۔ میں اپنی طرف سے آسٹریا میں پاکستانی کیمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پاکستانی قوم کو ہمیشہ فخر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ اس موقع پر میں تمام خواتین کو پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتی ہوں۔ پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریب نے اسٹریا میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو یکجا کیا اور ملک کی تاریخ اور ثقافت کو بھرپور طریقے سے منانے کا موقع فراہم کیا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ انہیں اپنی جڑوں سے جوڑنے کا بھی ایک خوبصورت ذریعہ فراہم کیا۔ بعد از سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک کی جانب سے پاکستان کے لیے اسٹریا میں بہترین خدمات کرنے پر کمیونٹی کے لوگوں میں بالخصوص پاک فرینڈ اسٹریا کے ممبرانز کو میڈلز دیے گئے۔ صحافی محمد عامر صدیق اور ریاض بلوچ کو بہترین صحافت پر میڈل دیا گیا۔ آخر میں پاک فرینڈ اسٹریا کی پوری ٹیم کی جانب سے تمام لوگوں کا جشن ازادی میلے میں آنے کا شکریہ ادا کیا گیا۔