تائیوان میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا گیا


تائیوان میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان گیمی چین کے صوبے فوجیان سے ٹکرا گیا۔

چینی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے زیر اثر فوجیان کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں جاری ہیں، طوفان گیمی کم شدت کے ساتھ شمال کی طرف جائے گا جبکہ شمالی علاقوں میں طوفان کے زیراثر شدید بارشیں ہوں گی۔

گزشتہ روز تائیوان میں طوفان کے زیراثر موسلادھار بارشیں ہوئیں، مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 260 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

تائیوان میں دوسرے روز بھی اسکول، دفاتر، کاروبار بند اور ٹرین سروس معطل رہی جبکہ اندرون اور بیرون ملک روانہ ہونے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

طوفان کے باعث تقریباً 5 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے، سمندری طوفان کے باعث فلپائن میں بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق تائیوان کے سمندر میں تنزانیہ کے پرچم والا کارگو جہاز ڈوب گیا، جہاز ڈوبنے سے عملے کے 9 افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔