پریس ریلیز
نیو اپوسٹولک چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت
کانفرنس میں پاکستان بھر سے مختلف مذاہبِ کے رہنماؤں کی کثیر تعداد میں شرکت
لاہور، 06 جولائی: یوحنا آباد میں قائم نیو اپوسٹولک چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کے منتظمین کی ذمہ داری ریورنڈ افراہیم روشان اور بشپ خادم بھٹو نے نبھائی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم، علامہ سید ایاز ظہیر ہاشمی، علامہ زبیر عابد اور پاکستان بھر سے مختلف مسالک کے مذہبی رہنماؤں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد مختلف مذہبی رہنماؤں کے درمیان امن اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا تھا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے کیونکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہی پرامن معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور امن کے لیے کوششوں کو تیز کرنا ہوگا، تاہم نوجوان نسل کو اعتماد میں لے کر امن کے راستے کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا اور سبھی فریقین کو اپنی صفوں میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہوگا تاکہ مذہبی انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کو بڑھاوا دیا جا سکے۔
کانفرنس میں مختلف مذاہب کے نمایاں رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور اتحاد اور برداشت کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس کے اختتام پر صوبائی وزیر کے ہاتھوں ممبران کو امن سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا جبکہ صوبائی وزیر کو منتظمین کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔