لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے مون سون بارشوں اور دریاؤں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ڈائریکٹرجنرل عرفان علی کاٹھیا نے صوبائی وزیر کو مون سون بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صوبہ بھر میں بارشوں کی صورتحال کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب میں طوفانی بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔ بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر عوام کیلئے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے بروقت اقدامات یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تمام محکمہ جات، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ پی ڈی ایم اے کی دیگر اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن آفات سے بچاؤ میں انتہائی کارآمد ثابت ہو گی۔
ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ ممکنہ سیلابی خطرے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ولنرایبل اضلاع میں پیشگی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔ صوبے بھر کے ندی نالوں کی ڈی سلٹنگ دوبارہ کی جا رہی ہے۔
=======================
لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں پانچواں اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ہمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے الرٹ رہنا ہوگا۔ حساس اضلاع کی انتظامیہ کو زیادہ محنت کرنی ہوگی۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کریں۔ حساس اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسدادِ ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت مؤثر لائحہ عمل اپنا رہا ہے۔ ابھی تک رواں سال کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 176 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہر ڈینگی کیس کو ٹریک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر محکمہ کو ضلعی سطح پر متحرک رہنا ہوگا۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے متاثرہ اضلاع کے لئے مختلف حکمت عملی اپنائی جائے۔ ڈینگی ورکرز بھرتی کرنے کی بجائے گلی محلہ کی سطح پر وولنٹیرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ پرائمری سطح پر DERC اور TERC میٹنگز باقاعدگی کے ساتھ منعقد کریں۔ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں یونین کونسل سطح پر اراکین اسمبلی کو نگران بنایا جائے۔ سخت گرم موسم میں ڈینگی کیسز کا رپورٹ ہونا باعث تشویش ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی کیسز میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ زیادہ سرویلینس کی ضرورت ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر کام کرکے ہی ڈینگی کا خاتمہ کی جاسکتا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔