پریس ریلیز
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے امتحانات کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے امتحانات کے کامیاب انعقاد کیلئے وزیر یونیورسٹیرز اینڈ بورڈز جناب محمد علی ملکانی صاحب کی خصوصی توجہ، تعاون اور رہنمائی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امتحانات کے پہلے مرحلہ میں صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 179امتحانی مراکز پر گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل ا ور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات لیے گئے جس میں ایک لاکھ 39ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ امتحانات کے دوران طلباء کو ٹھنڈے پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ پہلی دفعہ امتحانی مراکز پر فرسٹ ایڈ اور ادویات کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔
انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے دوسرے مرحلہ کا آغاز 8جولائی 2024ء سے ہورہا ہے جو 5اگست 2024ء تک جاری رہیں گے۔ امتحانات کے دوران پرچوں کی بروقت امتحانی مراکز تک ترسیل اور جوابی کاپیوں کو واپس انٹربورڈ پہنچانے کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ ابتدائی دنوں میں کچھ امتحانی مراکزسے پرچہ شروع ہونے کے بعد لیک ہونے پر فوری ایکشن لے کر ذمہ داروں کو شناخت کرکے ان کیخلاف کارروائی کی گئی۔ ان امتحانات میں مجموعی طور پر 189امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا، 83 امیدواروں کے پاس سے موبائل فون برآمد ہوئے جبکہ 6 امیدواروں کی جگہ کسی دوسرے شخص کو امتحانات دیتے ہوئے پکڑا گیا۔امتحانات کے دوران چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن، قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشدسمیت سپر ویجی لینس ٹیموں نے امتحانی مراکز کے مسلسل دورے کر کے امتحانات کے بلاتعطل اور پرامن انعقاد کویقینی بنایا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے امتحانات کے کامیاب انعقاد کیلئے امتحانی فرائض سرانجام دینے والے اساتذہ، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، سینٹر کنٹرول آفیسرز، ویجی لینس آفیسرز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اسی طرح انٹربورڈ کے عملے کو رات دن فعال کردار ادا کرنے پر بھی مبارکباد بھی دی۔چیئرمین پروفیسر نسیم احمد میمن نے شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے خدمات پر انٹربورڈ آفس میں قائم کیے گئے کنٹرول روم کے فوکل پرسن پروفیسر فیروزالدین صدیقی، پروفیسر محمد نہال اختر، پروفیسر مقصود احمد میمن، پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد، پروفیسر نذیر کھتری، پروفیسر محمد حسن بلوچ اور سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن مزمل احسن عالم کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد میں تعاون کرنے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ،یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، سیکریٹری کالجز ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، ڈی جی کالجز سندھ، ڈائریکٹر کالجز کراچی ریجن، کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنرز،ڈائریکٹر جنرل رینجرز، آئی جی پولیس اور کے الیکٹرک کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے امتحانات کے دوران میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ امتحانات کے دوران انٹربورڈ کراچی کے تصدیق شدہ آفیشل فیس بک پیج اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ساتھ ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر معلومات روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جاتی رہیں جس سے طلبہ کو بروقت آگاہی حاصل رہی۔