کراچی میں گرمی کی لہر نے تباہی مچا دی۔- 3 ایدھی سرد خانوں میں 3 روز میں 300 لاشیں لائی گئیں- مانسہرہ کی وادیٔ کاغان میں جون کے مہینے میں غیر متوقع برفباری


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گرمی کی حالیہ لہر کے دوران سرد خانوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

شہر میں ایدھی فاؤنڈیشن کے 3 سرد خانوں میں 3 روز کے دوران 300 لاشیں لائی گئیں۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے اس حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ 3 روز میں 300 افراد کی میتیں ایدھی فاؤنڈیشن کے 3 سرد خانوں میں لائی گئی ہیں۔

کراچی میں قائم کیا جانے والا جدید سردخانہ

انہوں نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سہراب گوٹھ، کورنگی اور میٹھادر میں 3 سرد خانے قائم ہیں۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق گزشتہ 5 روز کے دوران 423 افراد کی میتیں غسل اور کفن کے لیے لائی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عام دنوں کے مقابلے میں حالیہ دنوں میں میتوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے۔

ایدھی فاونٔڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے یہ بھی بتایا ہے کہ زیادہ تر لائی جانے والی میتیں ورثاء کے ساتھ تھیں، نامعلوم میتیں کم تھیں۔
=====================

وادی کاغان میں جون کے مہینے میں غیر متوقع برفباری
مانسہرہ کی وادیٔ کاغان میں جون کے مہینے میں غیر متوقع برفباری کے باعث سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے، جو سرد موسم اور برفیلے نظاروں کا خوب لطف اٹھارہے ہیں۔

کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق عیدالاضحیٰ کی شام سے گذشتہ اتوار تک 53 ہزار 220 گاڑیوں اور16 ہزار 540 موٹر سائیکلوں پر 3 لاکھ سے زائد سیاح وادئ کاغان پہنچے ہیں، رش اور سڑک کی خرابی کے باوجود سیاحوں نے دلفریب مناظر کا بھرپور لطف اٹھایا۔

سیاحوں کی بڑی تعداد جھیل سیف الملوک اور ناران میں جگہ جگہ پڑی برف پر سلائیڈنگ سے بچپن کی یادیں تازہ کررہی ہے۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ اگر این ایچ اے سڑکوں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دے تو وادئ کاغان کی سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔