رپورٹ: محمد عامر صدیق
ادارۃ المصطفی سنٹر ویانا میں پاک اسٹرین ایسوسی ایشن (PAA) کے صدر قمر حسین چوہدری کی جانب سے بروز اتوار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف سماجی،سیاسی کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔عبدالرحمن شاہ نے روزہ افطاری سے قبل اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ بندہ مومن کیلئے آخرت بنانے کا مہینہ ہے، اس مہینے کو اللہ تعالیٰ نے بہت ساری نعمتوں سے مالا مال کیا ہے، اس لئے ماہ صیام نزول قرآن، اسلامی فتوحات، نیکیوں کا موسم بہار اور اللہ کے انعامات کا مہینہ ہے۔ مزید کہا رمضان کا مہینہ قرآن کا مہینہ ہے، یہ حق و باطل میں فرق کرنے والی کتاب ہے، رمضان کا تقدس نزول قرآن کی وجہ سے ہی ہے، یہ صرف خیر و برکت ہی نہیں بلکہ زندگی کا دستور عمل ہے۔ افطاری سے قبل عبدالرحمان شاہ نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ فلسطین کے مسلمانوں و کشمیر کے مسلمانوں اور پاکستان کی سلامتی حاضرین شرکاء کے لیے دعائیں اور مغفرت کی دعائیں کیں۔ آخر میں میزبان افطار ڈنر پاک اسٹرین ایسوسی ایشن (PAA)،کے صدر قمر حسین چوہدری نے افطار ڈنر میں شرکت کرنے پر حاضرینِ شرکاء اور خصوصی طور پر جیوے پاکستان نیوز کا شکریہ ادا کیا۔