رپورٹ محمد عامر صدیق:
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی کی پاک سنٹر مسجد المدینہ میں بروز ہفتہ 23 مارچ کو خصوصی تشریف آوری ہوئی۔ اس موقع پر محفل کا انعقاد کیا گیا۔ قاری سید صداقت علی عالمی شہرت یافتہ ،ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویثرن اور دیگر ٹیلی ویژن نیٹ ورکس اور پوری دنیا میں قرآن مجید کی تلاوت کے شعبے میں ایک عرصے سے اپنی آواز کے جادو سے ایک عالم کو مسحور کیے ہوئے ہیں۔23 مارچ 2015ء کو انہیں ستارہ امتیاز دیا گیا،قاری سید صداقت علی کو اس سے قبل ان کی قرأت کے حوالے سے حکومت پاکستان کے صدارتی تمغا حسن کارکردگی سے اس وقت کے صدر جنرل ضیاء الحق نے 1988ء میں نوازا جا چکا ہے۔ 2020ء میں ہلال امتیاز سے نوازے گئے۔ رمضان المبارک کے مقدس لمحات میں قلوب و أذہان کو نور ایمان سے منور کرنے کے لیے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی سربراہی میں اور پاک سنٹر مسجد المدینہ ویانا آسٹریا کے سربراہ علامہ غلام مصطفی بلوچ کی نگرانی میں محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں خصوصی طور پر سفارت خانہ پاکستان سے کمیونٹی افیئر کونسلر سلیم شہزاد سفارتخانہ پاکستان کے اسٹاف پاکستانی کمیونٹی کی سماجی و کاروباری شخصیات اور فیملیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر قاری سید صداقت علی نے اپنی خوبصورت اور پیاری آواز میں تلاوت قرآن پاک سے مشام جاں کو معطر فرمایا اور انہوں نے خصوصی نعت شریف بھی پیش کی۔ پاکستان کے معروف نعت خواں قاسم مدنی بھی اس موقع پر موجود تھے انہوں نے بھی نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ تقریب میں حاضرین شرکاء ماشاءاللہ سبحان اللہ کہہ کر قاری صاحب کو خوب سراہتے رہے ۔ سفیر پاکستان آفتاب احمد نے اس موقع پر تمام لوگوں کا محفل میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کے آخر میں قاری سید صداقت علی نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں اور پاکستانی عوام کی خوشحالی و ترقی افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی۔ تقریب میں نظامت کے فرائض پاک سنٹر مسجد المدینہ ویانا آسٹریا کے سربراہ علامہ غلام مصطفی بلوچ نے ادا کرتے ہوئے آخر میں حاضرینِ شرکاء کا محفل میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں اجتماعی افطاری نمازِ مغرب ادا کی گی۔