کرکٹ ٹیم قوم کو ہار پہنانے پر تلی ہوئی ہے:پاسبان میرٹ کی پامالی کے نتائج پورا ملک بھگت رہا ہے:خلیل احمد تھند


جن سے کھیل نہیں سنبھل رہا ان سے معیشت و صنعت کیا خاک سنبھلے گی؟
غلط پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان ہر میدان میں پیچھے چلا گیا ہے
ہنر مند افراد ملک چھوڑ رہے ہیں، اسلام آباد میں نیرو چین کی بانسری بجا رہا ہے

کراچی ( )پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم قوم کو ہار پہنانے پر تلی ہوئی ہے۔ آسٹریلیا سے ٹیسٹ میں وائٹ واش کے بعد اب ٹی ٹوئینٹی میں بھی نیوزی لینڈ کا کلین سوئپ متوقع ہے۔ نااہلی اور اقرباء پروری کا عفریت پاکستان کی معاشی ترقی اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو نگل گیا ہے۔ میرٹ کی پامالی کے نتائج پورا ملک بھگت رہا ہے۔ غلط پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان ہر میدان میں پیچھے چلا گیا ہے۔کرکٹ سے پاکستانی قوم کی جذباتی وابستگی ہے لیکن پی سی بی کے ارباب اقتدار کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اعلی افسران پر تعیش دوروں اور پر تکلف دعوتوں پر قوم کا پیسہ لٹا رہی ہے۔ ہنر مند افراد ملک چھوڑ رہے ہیں اور اسلام آباد میں نیرو چین کی بانسری بجا رہا ہے۔پچھلے سال دس لاکھ نوجوان مایوس ہو کر ملک چھوڑ کر چلے گئے۔ غیر قانونی راستوں سے جانے والوں کی تعداد اس سے سوا ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور جسمانی نشونما پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے۔بنیادی ڈھانچہ تبدیل کئے بغیر کھیل کیا ہر میدان میں ذلت ہزیمت پاکستانیوں کی منتظر ہے۔ اعلی عہدوں پر نااہل ترین لوگ مسلط ہیں جن کی وجہ سے تباہی و بربادی اور پستی و پامالی کا سفر جاری ہے۔کیا ملک میں لوگوں کے پاس ایمان نہیں ہے کہ وہ ایمانداری سے اپنی ذات سے بالا تر ہو کر قومی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھ کر فیصلے کریں؟ بے ایمانی اور بدمعاشی ہمارا قومی شعار بن چکا ہے۔ شریف لوگ گوشہ نشین ہو کر بیٹھے ہوئے ہیں۔جن سے کھیل نہیں سنبھل رہا ان سے معیشت و صنعت کیا خاک سنبھلے گی؟ #

=============================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC