شہروں کی متعدد سڑکوں پر بانی پی ٹی آئی سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف دیوار شرم بنا دی گئیں
9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے کیے گئے،سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔پولیس کی جانب سے مختلف ویڈیوز اور جیو فینسنگ کے ذریعے حملوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور شناخت پریڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔
نو مئی کے واقعات نے پاکستان کا سیاسی منظرنامہ بالکل بدل کر رکھ دیا۔پی ڈی ایم جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ نومئی کے واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کا نتیجہ تھے۔اور اب اسلام آباد اور راولپنڈی میں جگہ جگہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف دیوار شرم بنا دی گئیں۔
جڑواں شہروں کی کئی سڑکوں پر درجنوں بینرز آویزاں کیے گئے جن پر پاکستان تحریک انصاف کی سینئر لیڈر شپ کی تصاویر ہیں جن پر مختلف نعرے لکھے ہوئے ہیں۔
مری روڈ پر بھی درجنوں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن پر وال آف شیم اور یوم مذمت، غدار پاکستان لکھا گیا ہے۔فلیکس پربانی پی ٹی آئی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی تصاویر پر جوتوں کے نشانات بھی بنائے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بینرز راتوں رات لگائے گئے ہیں جبکہ بینرز لگانے والوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔یہ بینرز تاحال انتظامیہ کی جانب سے نہیں ہٹائے گئے۔کچھ بینرز پر 9 مئی کے واقعات سے متعلق توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی تصاویر بھی ہیں۔
ملک کے تقریباً تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف مذمتی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ دو سری جانب نو مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
==========================
بانی پی ٹی آئی کو حراست میں لینے, رہائش گاہ زمان پارک کو سب جیل قرار د ینے کی تجویز
حکومت کو بانی پی ٹی آئی کو حراست میں لینے کی تجویز دی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ میں نظر بند کیا جائے گا اور نظر بندی کے دوران کسی کو ملنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بانی پی ٹی آئی کو اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے اور انٹرنیٹ پر تقاریر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ نظر بندی کے حکم کے بعد بانیپی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک کو سب جیل قرار دے دیا جائے گا۔
=========================