علی زیدی کہاں ہیں کس حال میں ہیں ؟

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی پہلے گرفتاری پھر گھر پر نظر بندی اور پھر دوبارہ جیل یاترا پر روانگی ، لیکن ان کے بہی خواہ پریشان اور تشویش میں ہیں کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں ؟ بظاہر انھیں کراچی سے جیکب آباد جیل منتقل کرنے کی بات ہوئی تھی اور سوشل میڈیا پر ان کی ایک تصویر بھی گردش کر رہی ہے جس میں وہ لاک اپ میں بیٹھے ہوئے ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ یہ تصویر کس مقام کی ہے سیاسی حلقوں میں یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ علی زیدی مختلف پارٹی رہنماؤں ایم این اے ایم پی اے اور یوسی ممبرز سے رابطے میں رہے ہیں تاکہ ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جا سکیں ۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق وہ منحرف اراکین اور فارورڈ بلاک کے حوالے سے رابطے میں ہیں ۔
======================
پاکستان تحریک انصاف سے پارٹی رہنماؤں کا 9 مئی کو ہونے والے پر تشدد ہنگاموں کے بعد طور احتجاج پارٹی چھوڑ کر جانے کا سلسلہ جاری ہے،آج ملک امین اسلم نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ۔اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب والے آج چھوڑ رہے ہے انکو عمران خان پنجاب انتخابات میں پارٹی ٹکٹس نہ دے کر پہلے ہی فارغ کر چکے ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کی کوئی حیثیت نہیں۔بطور سزا عمران خان نے انکو ٹکٹ نہیں دیا تھا،ان میں سے ظہر علیزئی ضمیر بیچنے والوں میں شامل نہیں ہے۔لیکن وہ سیاست کنارہ کشی کر چکے اور ان کے بھتیجے کو پارٹی نے پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا تھا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور سابق مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے مجھ جیسے لوگوں کو دھچکا لگا،پی ٹی آئی کا جو نظریہ تھا وہ پرامین پارٹی کا تھا،ہم نے شہدا کی یادگاروں اور ایم ایم عالم کے جہاز کو بھی نہ چھوڑا،یہ ایجنڈا جو بھی لیکر چل رہے ہیں وہ پارٹی کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ ملک امین اسلم نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس ایجنڈے کے ساتھ ہوں اور نہ ہی اس کا حصہ بن سکتا ہوں،مجھ پر کسی چیز کا دباؤ نہیں،میں اس ایجنڈے کے ساتھ پارٹی میں نہیں چل سکتا،جن جن شہروں میں احتجاج ہوئے ہدف آرمی تنصیبات تھیں۔
انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو انٹرا پارٹی انکوائری کرنی چاہیے تھی،یہ تو وہ ایجنڈا ہے جو دشمن کا خواب پورا کر رہا ہے،اب وقت آ گیا ہے کہ سب کو بے نقاب ہونا چاہیے،پاکستان ہے تو سیاست ہے۔
===================================
فاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے لئے ثبوت موجود ہیں، ثبوتوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کابینہ کرے گی، جتھوں کو پہلے سے ہی ٹارگٹس دینے کے ثبوت موجود ہیں۔ اے آروائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا سانحہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، عمران خان نے منصوبندی کے تحت جتھہ تیار کیا جو اس کو ہی لے ڈوبا۔
عمران خان نے ایک سال تیاری کے بعد لوگوں کو ٹارگٹس دیئے۔ جتھوں کو پہلے سے ہی ٹارگٹس کا علم تھا اس کے ثبوت موجود ہیں۔ زمان پارک میں 250 افغان شہری عمران خان کی حفاظت کررہے تھے۔ یہ جتھے افغان شہری تھے ان کو پیٹرول بموں سمیت دیگر ٹریننگ دی گئی تھی۔

پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے لئے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، ثبوتوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔

جتھوں میں ریٹائرڈ افراد بھی موجود تھے، ثبوت موجود ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ اجلاس میں بتایا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی، نو مئی کے واقعات میں ایک سیاسی جماعت کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کئے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر کو تصاویر، ویڈیوز اورپیغامات کے ثبوت پیش کئے گئے۔
نو مئی کو ایک سیاسی جماعت نے پوری قوم کو شرمسار کیا۔ عسکری تنصیبات پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے۔ حملہ آوروں اور سیاسی لیڈرشپ کے رابطوں کے ثبوت ملے ہیں۔ سیاست کی آڑ میں گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق 6 سو کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ اسی طرح نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ناقص کارکردگی پر سیکرٹری پراسکیوشن کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔
سیکرٹری پراسیکیوشن کو تبدیل کرنے کا فیصلہ پرتشدد واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے کیسز میں ناقص پیروی پر کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چند لوگوں کی نااہلی سے دہشتگردوں کا فائدہ قبول نہیں۔ 9 مئی کا ایک ایک کیس اپنا کیس سمجھ کر عدالت میں جائیں۔مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی فسطائیت،ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے اور ریاست پر حملہ آور نہ ہو۔
بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کوئی شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا لیکن پھر بھی کوئی تمہاری طرح اس ملک پر حملہ آور نہیں ہوا۔ سیاست کا لبادہ اوڑھ کر سابق وزیراعظم نے ملک اور عوام کو سزا دی،ملکی معیشت اور نہ ہی عوام کے روزگار کو چھوڑا۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بندوبست ہو رہا ہے تاکہ پاکستان کی تاریخ میں آئندہ کوئی یہ کوشش نہ کر سکے جو عمران خان نے کی،بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کسی کو یہ ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ ہو۔
==============================
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی نہ صرف مذمت ہونی چاہیے بلکہ ان کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہیے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مگر کارروائی میں انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے اور مار پیٹ نہیں ہونی چاہیے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔

صدر عارف علوی نے بتایا کہ عمران خان نے جنرل عاصم منیر کی بحیثیت آرمی چیف تقرری کی مخالفت نہیں کی تھی۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جنرل باجوہ کو کہہ دیں جس کو بھی ادارہ آرمی چیف بنائے گا عمران اسے قبول کرے گا۔
==========================
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی پارٹی کارکنان سے گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی۔

اس آڈیو لیک میں نور الحق قادری کہتے ہیں ’ملک بھر میں پارٹی پر اس طرح کیفیت اور حالت ہے، جس کا ہمیں پہلے سے پتہ تھا۔‘

وہ کہتے ہیں ’کسی صورت گرفتاری نہ دیں۔ میں خود کو بھی چھپا رہا ہوں، 9 مئی سے اپنے گھر نہیں گیا، کبھی ایک جگہ کبھی دوسری جگہ لوکیشن بدلتا رہتا ہوں۔‘

نورالحق قادری کہتے ہیں ’پارٹی کی طرف سے ہدایت ہے کہ جو خود کو بچا سکتے ہیں تو بچائیں، گرفتاری تو آسان ہے لیکن بعد میں اور مقدمے درج کیے جاتے ہیں۔‘
========================
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں میری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں کیونکہ ان پر بہت پریشر ہے۔‘
لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمارے کئی لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ باقیوں کا تو مجھے پتا نہیں لیکن مجھے عامر کیانی کے جانے کا افسوس ہوا۔ پارٹی چھوڑنے والوں کے اوپر بہت دباؤ ہے ان کو برا بھلا نہ کہیں۔ ہو کوئی پریشر نہیں لے سکتا۔‘
’جو لوگ پریشر برداشت کر گئے ہیں انہیں نہ میں بھولوں گا اور نہ قوم بھولے گی۔ ایسا پریشر شاید ہی کسی پارٹی پر ڈالا گیا ہے۔ اگر میں اکیلا بھی رہ گیا تو حقیقی آزادی کے لیے کھڑا رہوں گا۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پریشر کی وجہ سے میں پیچھے ہٹ جاؤں گا۔‘
========================

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ملکی صورتحال سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 جون تک آر یا پار ہو جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے اپنے گرفتاری کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی کا کیس بھی ہنگامی طور پر آج لگا دیا ہے۔ جب تک گرفتار نہیں ہوتا عوام سے رابطہ رکھنے کی کوشش جاری رکھوں گا۔
===========================