سیدہ نمیرہ محسن، صدر پی اوسی گلوبل شعبہء خواتین سعودی عرب کی جانب سے منطقہ شرقیہ کی خواتین اور بچوں کے لیے مرحبا گولڈن ہوٹل الخبر میں رنگا رنگ عید میلہ کا انعقاد۔

سعودی عرب ( سعدیہ خان)
مورخہ 18 مارچ 2023 کی پربہار شام میں پی اوسی گلوبل شعبہء خواتین کی صدر سیدہ نمیرہ محسن کی جانب سے منطقہ شرقیہ کی بین الاقوامی برادری کے لیے ایک رنگا رنگ رمضان میلہ منعقد کیا گیا۔ بچوں اور خواتین میں اعزازی سرٹیفکیٹ، اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی اوورسیز کمیونٹی کے صدر، معروف جرنلسٹ اور نامور سماجی شخصیت امتیاز احمد تھے۔ آپ نے اپنے خطاب میں خواتین کی خدمات کو سراہتے ہوئے شعبہء خواتین کو اس تقریب کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ آپ نے مختلف تعمیری سماجی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان کے انعقاد پر زور دیا۔


سیدہ نمیرہ محسن صدر شعبہء خواتین جو کہ ایک ماہر نفسیات ہیں اور عرصہ دراز سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیےکا م کر رہی ہیں نے اپنے افتتاحی خطاب میں عورتوں کی مالی خود مختاری، مناسب تربیت اور اعلی فکری و سماجی نشوونما کے مواقع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امہات المومنین کے بے مثال کردار کی مثال دیتے ہوئے انہیں اپنا رول ماڈل بنانے پر زور دیا۔ مرحبا ہوٹل سے غلام مرتضٰی صاحب نے تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر تمام حاضرین کے لیے 20فیصد بچت کا اعلان کیا۔
عورتوں اور بچوں نے بڑھ چڑھ کرخوب دیدہ زیب اور حسین اسٹالز لگائے۔ دمام، الخبر، ظہران سے سینکڑوں افراد نے اس میلے میں حصہ لیا۔
انٹر نیشنل اسکولز گروپ،المجد، پاکستان ایمبیسی اسکول، نیو ورلڈ اور دیگر اسکول کے طلباء نے انواع و اقسام کے کھانے، اور چائے پیش کی۔
یہ خوبصورت تقریب سہ پہر 03:00 بجے سے لے کر رات 10:00 بجے تک جاری رہی۔
خواتین اور بچوں کے لیے کچھ خاص مقابلے بھی پروگرام کا حصہ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ جس کی سعادت المجد انٹرنیشنل اسکول کے ایک طالبعلم سید عبدالاحد نے حاصل کی۔سیدہ حمدہ، سیدہ حمنہ،حمزہ، اذان، نے مختلف مقابلوں میں پوزیشنیں حاصل کیں۔
آغاز پر سعودی عرب اور پاکستان ہردو ممالک کے ترانے بجائے گئے۔تقریب کی میزبانی ہونہار بزنس خاتون ذنیرہ ذوالنون نے کی۔بہترین اسٹال کا مقابلہ انمول کاسمیٹکس سے عطیہ ، نرمل ذوہیب اور امریکن اسکول سے فاطمہ ذوالنون نے جیتا۔ تنظیم کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں نائب صدر ڈاکٹرسدرا اعظم نے حصہ لیا۔ موٹاپے کے مسائل کے بارے میں نیو ٹریشنسٹ شازیہ بدیع الزماں نے آگاہی دی۔ بچوں میں قراءت و نعت خوانی ،قرارداد پاکستان و یوم تائسیس کے حوالے سےتقریری مقابلے اور مختلف ٹیبلو پیش کئے گئے۔ علشباہ امتیاز، محمد عمر امتیاز اور حسن امتیاز جو کہ صدر امتیاز احمد کے صاحبزادے اور صاحبزادی بھی ہیں نے رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔
اس تمام پروگرام کے انعقاد میں حافظہ بینش فاطمہ اور نازش نے بھر پور کردار ادا کیا۔تقریب کی
فضا مہندی، پاکستانی موسیقی، اور لذیذ کھانوں کی خوشبو سے بوجھل تھی۔ کہیں چوڑیاں کھنکتی تھیں اور کہیں زرق برق ملبوسات نے نگاہوں کو قید کررکھا تھا۔ یوں لگتا تھا کہ آج ہی چاند رات ہے۔چمکتے چہرے، پیار بھرے دلوں سے عالمی بھائی چارے کی ایک نئی تاریخ رقم ہوئی۔ یاد رہے کہ پی او سی گلوبل پاکستان کی وہ واحد منظم تنظیم ہے جو عورتوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔
=====================