لاہور(جنرل رپورٹر)
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی ہدایت پر محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے صحت سہولت کارڈسے متعلق اعدادوشمارجاری کردئیے۔
Jeeveypakistan.com
اعدادوشمارکے مطابق ابھی تک پنجاب میں 28لاکھ87ہزار سے زائدافراد نے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج ومعالجہ کی سہولت حاصل کرلی ہے۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ ابھی تک پنجاب کی عوام63ارب 65کروڑ روپے سے زائد کے مفت علاج و معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کی عوام کے علاج ومعالجہ کیلئے منتخب نجی ہسپتالوں میں 42ہزارسے زائدبستروں میں اضافہ کیاگیا۔ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ پنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 796سرکاری ونجی ہسپتالوں کومنتخب کیاگیاہے۔پنجاب کی عوام صحت سہولت کارڈکے ذریعے193سرکاری و603نجی ہسپتالوں سے علاج و معالجہ کی مفت سہولت حاصل کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ابھی تک6لاکھ41ہزارسے زائدافرادنے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت ڈائیلسزکروائے ہیں اور65ہزار6سو سے زائدافراد نے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت کورونری انجیوگرافی کی سہولت حاصل کی ہے۔ سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ پنجاب میں ابھی تک صحت سہولت کارڈکے ذریعے68ہزار800سے زائد خواتین نے نارمل ڈلیوری جبکہ2لاکھ75ہزار سے زائد خواتین نے سیزیرین آپریشن کی مفت سہولت حاصل کی ہے اور 42ہزار400سے زائد افرادنے صحت سہولت کارڈکے ذریعے ہرنیہ کے مفت آپریشن کروائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ابھی تک44ہزار800سے زائدافرادنے ابھی تک صحت سہولت کارڈکے ذریعے کیموتھراپی کی مفت سہولت حاصل کی ہے۔ پنجاب میں اب تک33ہزار100 سے زائدافراد صحت سہولت کارڈکے ذریعے انجیوپلاسٹی کی مفت سہولت حاصل کرچکے ہیں۔پنجاب میں اب تک 2لاکھ19ہزار 5سوسے زائد افراد آنکھوں کے مفت آپریشن کرواچکے ہیں۔صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے مزیدکہاکہ صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کی عوام کو زیادہ سے زیادہ علاج و معالجہ کی مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔صحت سہولت کارڈکے ذریعے کینسرکے مریضوں کو سائبرنائف علاج کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ڈینگی کے مریض بھی اب صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کے منتخب سرکاری ونجی ہسپتالوں سے مفت علاج و معالجہ کی سہولت حاصل کررہے ہیں۔