جدہ سعودی عرب ( چوہدری محمد خالد رفیق سے ) میمن ویلفیئر سوسائٹی ماسا کی جانب سے کمیونٹی ممبران کے لیے ماسا اسپورٹس ڈے كا دوسرا ایڈیشن منعقد کیا گیا جس میں میمن خواتین و حضرات اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ماسا کے اس ایونٹ کا مقصد برادری کے لوگوں کو کھیل اور دیگر صحتمندانہ تفریحی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور آپس کے میل جول کو بڑھانا تھا۔
اسپورٹس ڈے کے ساتھ ساتھ اس ایونٹ میں ماسا کے سابق صدر جناب شعیب سکندر اور انکی اہلیہ مسز ارم شعیب کی الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی جو جدہ سعودی عرب سے اپنے دیس پاکستان منتقل ہو رہے ہیں۔
ماسا اسپورٹس ڈے کا آغاز محمد سوراٹھیا نے کلام پاک کی تلاوت سے کیا۔ سراج آدمجی نے اپنے مخصوص انداز سے ماسا اسپورٹس ڈے کے حوالے سے مہمانان کو آگاہی دی۔ ماسا کے سابق صدر شعیب سکندر نے گراؤنڈ میں اولمپک مشعل جلا كر اسپورٹس ڈے کا باقاعدہ آغاز کیا۔ حاضرین کی پر جوش تالیوں میں حمزہ خالد نے مشعل لیکر گراؤنڈ کا چکر لگایا۔ سراج آدمجی اور خالد تنوما کی معاونت سے دیگر بچوں نے ماسا اسپورٹس ڈے کے الفاظ کے ساتھ مشعل کے سنگ چکر لگایا۔
ایونٹ کے دوران بچوں ،نوجوانوں اور بڑوں میں مختلف کھیل کھیلے گئے۔ خواتین نے بھی کھیل کے میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث کھیل رسہ کشی رہا جس میں چار ٹیموں نے آپس میں مقابلہ بازی کی اور سخت مقابلے کے بعد ایک ٹیم کامیاب قرار پائی۔ پورے ایونٹ کے دوران عمران مسقطیہ نے اپنی پرجوش کمنٹری کے ذریعے شائقین کو محظوظ کیا۔
گیمز کے اختتام پر جاوید خیرانی نے تقریب تقسیم انعامات کا آغاز کیا۔ اسپورٹس کمیٹی ہیڈ عاقل تیلی نے اپنی ٹیم کے ساتھ ساتھ ایونٹ کمیٹی اور والنٹیرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد میں انکی بھرپور مدد کی۔
جنرل سیکرٹری صادق سوراٹھیا نے ماسا کے سابق صدر شعیب سکندر کیلئے اپنے الوداعی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماسا اور سعودی عرب سے شعیب بھائی اور انکی اہلیہ کی روانگی ہم سب کیلئے ایک تکلیف دہ مرحلہ ہے مگر ان کی خدمات کو ہمیشہ ایک مثال کے طور یاد کیا جائے گا اور انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے ماسا کے مقاصد کی ادائیگی میں مزید بہتری کی جائے گی۔
ماسا کے سابق صدر شعیب سکندر کی خدمات کو خراج تحسین کے طور پر انزلنہ جاوید خیرانی کی تیار کردہ ایک مختصر ڈاکومنٹری پیش کی گئی جسے حاضرین نے اپنی تالیوں سے خوب سراہا۔
شعیب سکندر نے اپنے الوداعی کلمات میں کہا کہ وہ 2009 سے ماسا کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور 2021 سے صدر بننے کے بعد انکی کوشش رہی کہ وہ نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیت کو اجاگر کرنے کیلئے انکو اختیارات دیں اور اس میں وہ بہت حد تک کامیاب رہے اور انکی ٹیم ہمیشہ انکے اعتماد پر پوری اتری۔ انہوں نے حاضرین سے اگلے دو سال کیلئے منتخب نئی کور کمیٹی کا تعارف کرایا جس میں وسیم عبدالرزاق تائی(صدر)، عمران امین مسقطیہ(نائب صدر )، صادق سوراٹھیا(جنرل سیکرٹری)، محمد جاوید خیرانی (جوائنٹ سیکرٹری) اور عرفان بھمڑی(خزانچی) شامل ہیں۔ انہوں نے نئ کور کمیٹی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نئے منتخب صدر وسیم عبدالرزاق تائی اور جوائنٹ سیکرٹری جاوید خیرانی نے بھی اپنے خطابات میں سابق صدر كے لئے تعریفی کلمات ادا کیے اور کہا کہ شعیب بھائی کی حیثیت ہمارے لئے ایک استاد کی سی رہی ہے اور ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
تقریب کے اختتام پر اول، دوم اور سوم پوزیشن پر آنے والے تمام مرد و خواتین کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے گئے۔ ماسا لیڈیز ونگز نے بھی خواتین والنٹیرز اقصی کولساوالا، منال یونس اور انزلنہ خیرانی کو ماسا کے نیوز لیٹر اور ڈاکومنٹری میں معاونت پر تحائف پیش کئے۔ سعودی یوم الوطنی ڈرائنگ مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں کو بھی تحائف سے نوازا گیا۔
ماسا پیٹرنز، کور کمیٹی اور بورڈ ممبران نے شعیب سکندر کو اور ماسا لیڈیز ونگز نے مسز ارم شعیب کو
الوداعی شیلڈ پیش کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کا اختتام ایک پر تکلف عشائیہ سے ہوا جس کی حاضرین نے خوب تعریف کی۔
==============================