رپورٹ: محمد عامر صدیق ویانا آسٹریا۔
===========
سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد پاک سنٹر مسجد المدینہ ویانا آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفی بلوچ کی زیر صدارت ۲۳ اکتوبر بروز اتوار بعد از نماز ظہر دوبجے انعقاد پذیر ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی سفیرِ پاکستان آسٹریا آفتاب احمد کھوکھر اور نسڈن اسلامک سنٹر لندن کے خطیب علامہ محمد ارشد جمیل تھے۔ کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی، ترکی اور آسٹریا کے ہر مکتبہ فکر کے افراد کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کے عملے نے بھی شرکت کی۔
نظامت کے فرائض مسجد المدینہ کے سرپرست اعلیٰ علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے ادا کرتے ہوئے حاضرینِ شرکاء اور مہمان خصوصی کو تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نمازِیں پڑھیں، زکوٰۃ دیں حج کریں تب تک کوئی فائدہ نہیں جب تک ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت نہیں کرتے ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمیں حضورؐ کا امتی بنایا۔
محفل کا آغاز حافظ محمد علی نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا ۔ نعت
رسول مقبولﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت محفوظ الحسن،آفتاب احمد سیفی عظیمی،حافظ دلاور رضا عطاری اور شہر یار خان شامل تھے۔ خصوصی خطاب نسڈن اسلامک سنٹر لندن کے خطیب علامہ محمد ارشد جمیل نے کیا۔خطاب سے قبل میلاد کانفرنس میں شریک جملہ مسلم تنظیموں اور ان کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب کو رحمت اللعالمین کہا اور اپنے بارے میں فرمایا کہ میں رب العالمین ہوں اور یوں جہاں جہاں اللہ رب العزت کی کبریائی ہے، حکومت ہے تمام جہانوں کے لئے وہیں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مصطفائی ہے ان کی رحمت بھی تمام جہانوں کے لئے ہے۔ مزید کہا اللہ رب العزت نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جو تعریف کی ہے اس سے بڑھ کر کوئی نہیں کر سکتا۔ کونفرنس کے اختتام سے پہلے سفیر پاکستان آسٹریا آفتاب احمد کھوکھر نے خطاب میں پاک سنٹر مسجد المدینہ کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے آج بہت ہی بہترین اور شاندار میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ ہم کمیونٹی کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ میں آج بہت خوش ہوں کہ آپ لوگوں نے اس کانفرنس کا انعقاد کیا دیار غیر میں مل جل کر سب کو بیٹھنے کا ایک موقع فراہم کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر شہر یار خان نے حاضرین شرکاء محفل کے ساتھ مل کر درود وسلام پیش کیا اور علامہ محمد ارشد جمیل نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ،فلسطین،کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی۔ آخر میں علامہ غلام مصطفی بلوچ نے تمام لوگوں کا کانفرنس میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔
========================