جنرل ہسپتال آرتھوپیڈک اینڈ سپائن یونٹ میں کیڈورک سپائن سرجری سے متعلق پروفیسر ڈاکٹرمحمد حنیف میاں کی سربراہی میں ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔جس میں پاکستان بھر سے 60 سے زائد آرتھوپیڈک اور نیورو سرجنز نے شرکت کی

جنرل ہسپتال آرتھوپیڈک اینڈ سپائن یونٹ میں کیڈورک سپائن سرجری سے متعلق پروفیسر ڈاکٹرمحمد حنیف میاں کی سربراہی میں ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔جس میں پاکستان بھر سے 60 سے زائد آرتھوپیڈک اور نیورو سرجنز نے شرکت کی اور قاہرہ یونیورسٹی، مصر سے آئے ہوئے ڈاکٹر حسام الدین مصطفیٰ اور ڈاکٹر عمر محمد نے لیکچرز دئیے۔ بین الاقوامی فیکلٹی ممبران نے ہینڈز آن ٹریننگ کیلئے demonstrationپیش کی جبکہ سینئر آرتھوپیڈک اور نیورو سرجن فیکلٹی ممبران نے شرکت کرنے والے ڈاکٹروں کوریڑھ کی ہڈی،کیڈور ڈسیکشن اورمکمل سپائن فکسیشن پر آگاہی دی اورعملی تربیت کا مظاہرہ کیا۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے اس ورکشاپ کو پی جی ایم آئی کی طبی تاریخ میں اسے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ورکشاپ میں رجسٹریشن فیس تقریباً 2000 امریکی ڈالرز ہے لیکن ایل جی ایچ میں تمام ڈاکٹروں کے لیے یہ


سہولت مفت فراہم کی گئی تھی تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید اجاگر کر سکیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کامیاب ورکشاپ پر پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف میاں اور مقامی سینئر پروفیسرز کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مدثر صدیق، ڈاکٹر شیراز ملک اور ڈاکٹر حسنین خالد موجود تھے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ترقیاتی منصوبوں اورتعمیراتی کاموں کے دوران نا خوشگوار واقعات اور بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے دوران سر کی چوٹوں اور اعضاء کے فریکچر کا خطرہ بھی بڑھا دیا ہے۔ شدید زخمی افراد کی جان بچانے اور ہیڈ انجری کے متاثرین کی کامیاب سرجری کیلئے ضروری ہے کہ نیورو سرجن /نیورو فزیشن کے ساتھ ساتھ آرتھو پیڈک شعبہ سے وابستہ ڈاکٹرز اپنی مہارت کو بڑھائیں اور میڈیکل ورلڈ میں ہونے والی جدید ترقی سے اپنے آپ کو ہم آہنگ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ڈاکٹرز/سرجنز بین الاقوامی شہرت کے حامل معالجین کے تجربات سے استفادہ کریں۔
ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ آرتھوپیڈک ڈاکٹر میاں محمد حنیف کا کہناتھا کہ انٹر نیشنل ورکشاپ کا انعقاد ینگ ڈاکٹرز و سرجنز کو ان کی دہلیز پر مواقع فراہم کرتی ہیں کہ وہ سینئر ڈاکٹرز کے تجربات سے ان کی رہنمائی میں اپنی سکلز کو مزید بہتر بنائیں اور پیشہ وارانہ فیلڈ میں سینئر فیکلٹی کے تجربات سے استفادہ کریں تاکہ وہ حادثات و قدرتی آفات میں زخمی ہونے والے افراد کی بر وقت طبی امداد بہم پہنچا کر ان کی جانیں بچا سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر حنیف میاں نے مزید کہا کہ اس طرح کی بین الاقوامی تکنیکی ورکشاپس نوجوان ڈاکٹروں /سرجنوں کو اپنے علم کو اپ ڈیٹ کرنے اور ایک اچھا اور موثر ڈاکٹر سرجن بننے کے لیے سینئر اور تجربہ کار ماہرین صحت سے مزید معلومات حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
لیکچر زدینے والے نیشنل فیکلٹی میں پروفیسر ڈاکٹر طارق سہیل، پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف میاں، پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر، پروفیسر ڈاکٹر ایاز خان، بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد وسیم، ڈاکٹر ریاض الرحمان، ڈاکٹر خضر غالب، ڈاکٹر اعجاز وڈ اور ڈاکٹر محمود تھے۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
=================