( ثناء بشير ) سعودی عرب کے منطقہ شرقیہ کے شھر جبیل میں پاکستان فورم کے تحت جشن آزادی کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں نے بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا ہے جس میں لاکھوں شہدا کا خون شامل ہے، یوم آزادی کے موقع پر ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جن کی قربانیوں کی بدولت یہ آزاد وطن ہمیں نصیب ہوا۔
مقررین نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ قائد کے فرمان ایمان اتحاد اور تنظیم کے ساتھ ہمیں ملک کی ترقی اور فلاح کے لیے کام کرنا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اس ترقی میں ایک بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقعہ پر تحریک پاکستان پر ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
شرکاء میں خواتین اور بچے بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کے شرکاء سے پاکستان فورم کے صدر رفعت رشید، اور دیگر ذمہ داران ناصر شہاب ، معظم معین کے علاوہ پاکستان سکول کے پرنسپل، جبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے چئیرمین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا.
=========================