وزیراعلی صاحب ۔۔۔ذرا سیکیورٹی چھوڑ کر سڑکوں پر آیئے ۔۔۔دیکھتے ہیں کتنی دیر تک آپ کا موبائل اور پرس آپ کے ساتھ رہتا ہے ؟ اب تو حکومت کے اسسٹنٹ کمشنر بھی دن دہاڑے لٹنے لگے ہیں ۔۔!

وزیر اعلی سید مراد علی شاہ صاحب کیا آپ کو پتہ ہے کہ آپ کے صوبے میں شہروں کے گلی محلوں کا کیا حال ہے وہاں کیا کچھ ہو رہا ہے چور ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں گن پوائنٹ پر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے اسٹریٹ کرائمز اپنے عروج پر ہیں


اب تو آپ کی حکومت کے اسسٹنٹ کمشنر دن دہاڑے لٹ رہے ہیں ۔۔۔۔ آپ تو ہر وقت سکیورٹی کے حصار میں ہوتے ہیں

حالات اس نہج پر پہنچے ہوئے ہیں کہ اگر آپ بھی سیکیورٹی چھوڑ کر سڑکوں پر نکلیں تو یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ کچھ دیر


میں مسلح موٹر سائیکل سوار آپ کو بھی آپ بھی ‏آ دبوچیں۔ اور آپ کا موبائل فون اور پرس کتنی دیر آپ کے پاس رہتا ہے کوئی یقین سے نہیں کہہ سکتا ۔ لوگ اپنے گھر کے باہر کھڑے نہیں ہو سکتے گلی محلے میں لوٹ لیے جاتے ہیں ۔
مہنگائی کے طوفان میں لوگ پیٹ پالیں یا گھروں کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں ، اپنے بچوں کے لئے روزی روٹی کمانے جائیں یا گلیوں کے باہر کھڑے ہو کر پہرہ دیں۔


اب تو وفاقی حکومت بھی آپ کی دوست ہے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ آپ کی مرضی کا ہے کمشنر کراچی آپ نے خود لگایا ہے ایڈمنسٹریٹر کراچی آپ کا سب سے قریبی شخص ہے صوبے کے وزیر داخلہ کا قلمدان خود آپ کے پاس ہے تمام پولیس افسران اور سیفٹی کمیشن ، تھانے دار سے لے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں تک ہر جگہ آپ کا طوطی بول رہا ہے پھر شہر میں امن قائم کرنے کے لیے اور ڈاکوؤں کو گرفت میں لانے کے لئے آپ کو اور کتنے اختیارات اور وقت درکار ہے ؟


کیا آپ اور آپ کی پوری حکومتی مشینری کا کام فقط لوٹ مار اور جرائم کے واقع ہو جانے کے بعد مذمتی بیانات اور گرفتاری کے احکامات دینے تک محدود ہے ؟
سرکار جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے مال و جان کا تحفظ کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات اور مربوط حکمت عملی بناتی کب نظر آئے گی ؟
اس شہر میں تو چیف سیکرٹری کی والدہ کے گھر میں بھی ڈاکو گھس گئے تھے ،


لوگ سوال پوچھتے ہیں کہ جن کو جیلوں میں ہونا چاہیے وہ آزاد ہیں پکڑے بھی جاتے ہیں تو کچھ دن بعد پھر واپس آکر زیادہ لوٹ مار کرتے ہیں ۔۔۔۔ یہ سلسلہ کب تک یونہی چلتا رہے گا ؟


===========================================
بہادر آباد میں ڈاکو نے خاتون اسسٹنٹ کمشنر کو لوٹ لیا
09 اگست ، 2022

کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے بہادر آباد چار مینار چورنگی کے قریب مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد کو دن دہاڑے لوٹ لیا۔تفصیلات کے مطابق بہادرآباد کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنرفیروز آباد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تھیں، کہ انہیں لوٹ لیا گیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے جبکہ واردات کا مقدمہ نیوٹاون تھانے میں درج کرلیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد عاصمہ بتول اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ناشتہ کرنے کیلئے بہادرآباد کے علاقے میں موجود تھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد نے بتایا کہ ملزم نے پہلے ہماری مکمل ریکی کی اوراسکے بعد اسلحہ کے زور پرواردات کی۔ عاصمہ بتول کے مطابق ملزم موبائل فون، پرس ،اے ٹی ایم کارڈ ، نقدی اور دیگر ضروری سامان چھین کرفرار ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ چھینا جھپٹی کی واردات اتوار کی صبح پیش آئی تھی۔ پولیس نے واردات کا مقدمہ الزام نمبر 2022/332 بجرم دفعہ 397 اسسٹنٹ کمشنر کی مدعیت میں نیو ٹائون تھانے میں درج کر لیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنرفیروز آباد عاصمہ بتول سے چھینا جھپٹی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے ، جس میں موٹر سائیکل سوار ملزم کو اسسٹنٹ کمشنرفیروز آباد چھینا جھپٹی کرکے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
https://e.jang.com.pk/detail/204948
=========================