جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ایک ماہ کے دوران سانپ کے ڈسے ہوئے 3افراد کو بروقت اے ایس وی (سانپ کے کاٹنے کے تریاق) کے انجیکشن لگا کر اُن کی جانیں بچائیں مذکورہ افراد کو انتہائی زہریلے سانپوں نے کاٹا تھا جنہیں گجومتہ لاہور اور دیپالپور کے علاقوں سے انتہائی تشویشناک حالت میں ایل جی ایچ ایمرجنسی میں لایا گیا

جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ایک ماہ کے دوران سانپ کے ڈسے ہوئے 3افراد کو بروقت اے ایس وی (سانپ کے کاٹنے کے تریاق) کے انجیکشن لگا کر اُن کی جانیں بچائیں مذکورہ افراد کو انتہائی زہریلے سانپوں نے کاٹا تھا جنہیں گجومتہ لاہور اور دیپالپور کے علاقوں سے انتہائی تشویشناک حالت میں ایل جی ایچ ایمرجنسی میں لایا گیا جہاں پروفیسر آف میڈیسن یونٹ 3 پروفیسر طاہر صدیق کی زیر نگرانی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مقصود اور ڈاکٹر رضوان احمد نے کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر اے ایس وی لگا کر وینٹی لیٹر پر منتقل کر کے علاج معالجہ جاری رکھا جس سے متاثرہ افراد کی سانسوں کا سلسلہ بحال ہو گیا جن میں 25سالہ اقرا، 23سالہ ثاقب اور 35سالہ سرفراز شامل ہیں۔


پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کے احکامات پرجنرل ہسپتال میں اینٹی سنیک وینم انجیکشن موجود ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑا اور سانپ کے کاٹے ہوئے مریضوں کو بر وقت علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔پروفیسرالفرید ظفرنے 3نوجوان افراد کی جان بچانے پر علاج کرنے والے ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر اُن کی کوششوں کو سراہا۔


ڈاکٹر محمد مقصود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم برسات کے دوران خصوصاً دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد بارش کے دوران بالخصوص ستمبر تک فرش یا زمین پر سونے سے احتیاط برتیں اور رات کے اوقات میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ اُن کے سونے کی جگہ بالکل محفوظ ہے تاکہ وہ زہریلے حشرات سے بچ سکیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اگرکسی شخص کو سانپ ڈس جائے تو گھریلو ٹوٹکوں اور جھاڑ پھونک کرانے کی بجائے متاثرہ شخص کو فوری ہسپتال لایا جائے کیونکہ سانپ کے ڈسنے کا علاج اینٹی سنیک وینم لگائے بغیر تقریباً نا ممکن ہوتا ہے۔تینوں مریضوں کے لواحقین نے بھی اُن کی جلد صحت یابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اورعلاج معالجہ کی بہترین مفت سہولتوں کی فراہمی اور بہتر نگہداشت پر لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کو دعائیں دیں۔
====================================