چین: کنسرٹ میں روبوٹس کی شاندار پرفارمنس

چین میں انسان نما روبوٹ پہلی بار کنسرٹ میں پاپ اسٹار کے بیک اپ ڈانسر بن گئے۔

چین کے شہر چینگدو میں پاپ اسٹار وانگ لی ہوم کے کنسرٹ میں انسان نما روبوٹوں نے پہلی بار اسٹیج شیئر کیا اور بیک اپ ڈانسر کے طور پر پرفارم کیا۔

یہ روبوٹ یونٹری کے G1 ماڈلز سے تعلق رکھتے ہیں اور انسانی ڈانسرز کے ساتھ ہم آہنگی سے پیچیدہ کوریوگرافی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، روبوٹس نے چمکدار لباس پہنے اور انسانی پرفارمرز کے ساتھ مل کر ناصرف رقص کیا بلکہ فلیپ اور دیگر مشکل حرکات بھی بہترین ہم آہنگی کے ساتھ انجام دیں۔

اس پرفارمنس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جہاں روبوٹس کی حیرت انگیز صلاحیتوں اور انسانی ڈانسرز کے ساتھ ہم آہنگی کو خوب سراہا گیا۔

یہ واقعہ چین میں انسان نما روبوٹکس کی تیز رفتار ترقی کی ایک جھلک پیش کرتا ہے، پہلے بھی یونٹری کے G1 ماڈلز کی ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں، جس میں یہ روبوٹ باسکٹ بال کھیلنے اور جسمانی جھٹکوں کو سہنے کی صلاحیت دکھا چکے ہیں۔

کنسرٹ میں اس منفرد پرفارمنس نے مداحوں کو متاثر کیا، ایک ناظر نے کہا کہ چین میں روبوٹ بالکل اگلی سطح پر ہیں، اس وائرل ویڈیو کو ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے بھی دوبارہ شیئر کیا ہے۔