
شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر فتح مری کی زیر صدارت اجلاس، موسم سرما کی تعطیلات 29 دسمبر سے 16 جنوری تک کرنے کا فیصلہ، اگلے سیمسٹر سے طلباء کی 75 فیصد حاضری یقینی بنانے کا اشارہ، اساتذہ کو امتحانی نتائج 20 جنوری تک جمع کرانے کی ہدایت، تھیسز پروجیکٹ والے شعبوں کے اساتذہ کو امتحانی نتائج 15 فروری تک جمع کرانے کا وقت دیا گیا، اگلے سیمسٹرز میں کلاسز سے غیر حاضر رہنے والے طلباء کے والدین کو اطلاع دی جائے گی، وقت پر امتحانی نتائج جمع نہ کرانے والے اساتذہ کے پرچہ جات کی اسیسمنٹ کے لیے دوسرے اساتذہ مقرر کیے جائیں گے، وائس چانسلر ڈاکٹر مری کا اظہار
جامشورو (پریس ریلیز) شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری کی زیر صدارت پرو وائس چانسلرز، فوکل پرسنز اور ڈینز کا اہم اجلاس ہوا، جس میں موسم سرما کی تعطیلات 29 دسمبر 2025ء سے 16 جنوری 2026ء تک کرنے سمیت مختلف فیصلے کیے گئے۔ سندھ یونیورسٹی کے وی سی سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقدہ اجلاس میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ اگلے سیمسٹر سے طلباء کی حاضری پر سختی کی جائے گی اور امتحان میں بیٹھنے کے لیے 75 فیصد حاضری لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ پابند کیے جائیں گے کہ وہ ہر روز اپنی کلاسز کی حاضری آن لائن لگائیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کون سے طلباء غیر حاضر ہیں، جن کے والدین کو اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ امتحانی نتائج ہر سیمسٹر امتحان کے بعد فوری طور پر جمع کرائیں، اس میں تاخیر کی گنجائش نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اساتذہ جو امتحانی نتائج دیر سے دینے کے عادی ہیں، مستقبل میں ان کے کورسز کے امتحانات کے لیے دیگر اساتذہ مقرر کیے جا سکتے ہیں۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز 29 دسمبر 2025ء سے ہوگا، جو 16 جنوری 2026ء کو ختم ہوں گی۔ مختلف شعبوں کے اساتذہ جامعہ سندھ میں جاری دوسرے سیمسٹر کے امتحانات کے نتائج 20 جنوری 2026ء تک جمع کرانے کے پابند ہوں گے، جبکہ فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، آرٹ اینڈ ڈیزائن سمیت تھیسز پروجیکٹ والے شعبوں کے اساتذہ 15 فروری تک امتحانی نتائج جمع کروا سکتے ہیں۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبد الستار شاہ، پرو وائس چانسلر ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، رجسٹرار ساجد قیوم میمن اور دیگر فوکل پرسن و ڈینز موجود تھے۔
Load/Hide Comments


























