“آسکر ایوارڈ تقریب اب دنیا بھر میں یوٹیوب پر براہِ راست اور مفت دیکھیں”

ہالی ووڈ کی سب سے معتبر فلمی تقریب آسکر (Academy Awards) 2029 سے یوٹیوب پر براہِ راست اور عالمی سطح پر مفت نشر کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اس مقصد کے لیے اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے ساتھ ایک کئی سالہ معاہدہ کیا ہے۔

معاہدے کے تحت 101 ویں آسکر تقریب سے شروعات کرتے ہوئے یوٹیوب 2033 تک اس تقریب کے خصوصی عالمی حقوق رکھے گا، اس میں صرف مرکزی ایوارڈز ہی نہیں بلکہ ریڈ کارپٹ، پشتِ مناظر مواد اور دیگر تقریبات بھی شامل ہوں گی۔

یوٹیوب کے ذریعے آسکر پروگرام دنیا بھر میں مفت دستیاب ہوگا، اور ناظرین کو سہولت کے لیے متعدد زبانوں میں آڈیو ٹریک اور کیپشننگ بھی فراہم کی جائے گی۔

اس سے قبل آسکر تقریب امریکہ کے براڈکاسٹ نیٹ ورک اے بی سی پر مسلسل نشر ہوتی رہی ہے، لیکن نئے معاہدے کے بعد یہ سلسلہ 2028 تک جاری رہے گا، جس میں آسکرز کا 100 ویں ایڈیشن بھی شامل ہے۔

اکیڈمی اور یوٹیوب دونوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فلمی صنعت کے لیے تاریخی لمحہ ہے اور آسکرز کو دنیا بھر میں فلمی ثقافت اور تخلیقیت کی پہچان پہنچانے میں مدد فراہم کرے گا۔