بھارت: بوتھ لیول آفیسر کی خودکشی، کام کے دباؤ نے انتخابات پر سوالات اٹھا دیے

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک 46 سالہ بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) نے کام کے شدید دباؤ کے باعث اپنی جان لے لی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والا سرورش سنگھ نامی شخص پیشے کے لحاظ سے اسسٹنٹ ٹیچر تھا اور رواں ماہ ہی اس پر پہلی مرتبہ بی ایل او کی ذمہ داری ڈالی گئی تھی۔

بی ایل او اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے جاری عمل میں فرائض انجام دے رہا تھا، اس دوران مستقل سروے، ڈیٹا کی جانچ پڑتال اور بار بار کی رپورٹنگ نے اس پر شدید دباؤ ڈالا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سرورش سنگھ کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے ذہنی تناؤ اور نیند کی کمی کا شکار تھا۔

سرورش سنگھ کے گھر سے دو صفحات پر مشتمل ایک خط بھی ملا ہے جس میں اُس نے لکھا ہے کہ وہ دن رات کام کے باوجود مقررہ اہداف پورے نہیں کر پا رہا تھا اور اس صورتحال نے اسے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔

سرورش سنگھ کے اہلِ خانہ کے مطابق اِنہیں گھر کے اسٹور روم میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی، اسپتال پہنچانے پر سرورش سنگھ کو انتظامیہ کی جانب سے مردہ قرار دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف ریاستوں میں بی ایل اوز کی ایسی متعدد اموات سامنے آئی ہیں جنہیں مبینہ طور پر کام کے دباؤ سے جوڑا جا رہا ہے جس کے بعد انتخابی عمل کے انتظامات پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔