عالمی بینک کے تعاون سے سندھ میں جدید موبائل ویٹرنری سہولیات متعارف کرانے کا منصوبہ

سندھ کے صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ صوبے میں جانوروں کی صحت و بہبود کے لیے سندھ لائیو اسٹاک اینڈ ایکواکچر ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت جدید موبائل ویٹرنری ایمبولینسز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 65 موبائل ایمبولینسز خریدی جائیں گی جو عالمی معیار کے مطابق جدید طبی آلات سے آراستہ ہوں گی۔
محمد علی ملکانی نے آج ایک ملکی کمپنی کی تیار کردہ موبائل ایمبولینس کا معائنہ کیا اور جانوروں کی صحت کے لیے نصب جدید آلات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ترجمان نے بتایا کہ یہ تمام ایمبولینسز کھلے ٹینڈر سسٹم کے تحت حاصل کی جائیں گی تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ایمبولینسز لائیو اسٹاک کے تین ونگز اور فشریز ونگ کے لیے مخصوص ہوں گی۔ ان کے ذریعے سندھ کے مویشی مالکان کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ایمبولینسز کے ذریعے بیماری کی فوری تشخیص اور علاج ممکن ہوگا، جو مویشیوں کی صحت اور مالکان کی آمدنی میں بہتری کا باعث بنے گا۔
محمد علی ملکانی نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ کے مویشی مالکان کی فلاح کے لیے ایک اہم قدم ہے اور محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز دن رات عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
#muhammadalimalkani #ministerlivestock