وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بن قاسم کے قریب زیرتعمیر قومی میڈیکل کمپلیکس کے منصوبے پر خصوصی غور

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

بن قاسم کے قریب زیرتعمیر قومی میڈیکل کمپلیکس کے منصوبے پر خصوصی غور

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کردی

بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، جون 2026 تک منصوبے کا افتتاح کرنا چاہتا ہوں، وزیراعلیٰ

کراچی (30 اکتوبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت جاری منصوبوں کے جائزے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ نیشنل ہائی وے پر بن قاسم کے قریب زیر تعمیر قومی میڈیکل کمپلیکس کے منصوبے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیرِ آبپاشی جام خان شورو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی بورڈ نجم شاہ، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ورکس نواز سوہو اور سیکریٹری صحت ریحان بلوچ شریک ہوئے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ قومی میڈیکل کمپلیکس صوبے کا ایک بڑا صحت عامہ کا منصوبہ ہے، جس پر کل لاگت 4,645.27 ملین روپے آئے گی۔ اب تک 1,017.144 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے لیے 545.772 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے منصوبے کی رفتار تیز کرنے کے لیے مختص فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو ہدایت کی کہ 290 بستروں پر مشتمل اس کمپلیکس کی تعمیر، بالخصوص اسپتال کی عمارت کا کام، تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت پایہ تکمیل کو پہنچے۔

مراد علی شاہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اگلے ماہ کے اختتام تک طبی آلات کی خریداری کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ اضافی فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ منصوبہ کسی تاخیر کے بغیر مکمل ہو۔ میں جون 2026 تک قومی میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کراچی اور اس کے ملحقہ اضلاع کے رہائشیوں کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت سندھ بھر میں اے ڈی پی کے تمام صحت عامہ کے منصوبے بروقت اور معیاری طور پر مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ