ضلعی چیئرمین میر انور علی ٹالپر نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میرواہ گورچانی میں لائبریری اور چار جدید سائنس اور کمپوٹر لائبریری کا افتتاح کیا اور پودا لگا کر سر سبز پاکستان مہم کا آغاز کیا

میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
ضلعی چیئرمین میر انور علی ٹالپر نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میرواہ گورچانی میں لائبریری اور چار جدید سائنس اور کمپوٹر لائبریری کا افتتاح کیا اور پودا لگا کر سر سبز پاکستان مہم کا آغاز کیا-اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن جمیل احمد قریشی ،ڈی سی او میر فضل محمد ٹالپر،پرنسپل احسان مغل،ہیڈ ماسٹر رانا مظہر محمود،حاجی اللہ رکھا دل،چودھری انوار الحق ،چودھری حافظ محمد انور ،وائیس چیئرمین ایڈوکیٹ ہیرا لال میگھواڑ،چیئرمین ایس ایم سی و جنرل کونسلر رانا سلیم اختر ،جنرل کونسلر چودھری منیر احمد آرائیں ،خلیفہ گل حسن سومرو سمیت دیگر معززین اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ضلعی چیئرمین میر انور علی ٹالپر نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میرواہ گورچانی کے پرنسپل اور ہیڈ ماسٹر کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے لائبریری اور چار جدید سائنس و کمپیوٹر لیب کی تکمیل سے طلباء کو معیاری اور جدید تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی- انہوں نے کہا کہ کتاب ، مکتب اور مکتبہ ، یہ تینوں چیزیں قوموں کی زندگی میں بڑی اہمیت کی حامل ہوا کرتی ہیں ۔ ہر قسم کی ترقی کے دروازے انہیں کنجیوں سے کھُلا کرتے ہیں۔ یہ تینوں حصولِ علم و تعلیم کے بنیادی ذرائع ہیں۔علم، نور ہے۔علم، انسانیت کا زیور ہے ۔ علم ہی سے جائز و ناجائز میں فرق کیا جاتا ہے ۔ دین و دنیا کی ساری کامیابیاں اور بھلائیاں اسی علم پر موقوف ہیں ۔ علم ہی سے دنیا کو سنوارا جاسکتا ہے اور علم ہی کی بدولت آخرت کی سعادتیں حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ غرض کہ علم ، ترقی کا ذریعہ ، کامیابی کی کنجی اور دنیا کی حکومت و قیادت کا پہلا زینہ ہے- اگر ہمارے پاس علم ہے تو سب کچھ ہے اور اگر علم نہیں تو سمجھو کچھ بھی نہیں-انہوں نے کہا کہ اسکول میں جدید سائنس اور کمپوٹر لیب کے قیام سے طلباء کو دور جدید کی تعلیم حاصل کرنے میں بڑی مدد ملے گی- انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میرواہ گورچانی تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ شہر کا وقار اور آنے والی نسلوں کی امید ہے- قبل ازیں مہمان خصوصی میر انور علی ٹالپر اور دیگر مہمانوں کا اسکول پہنچنے پر گل پاشی کر کے شاندار استقبال کیا گیا اور سندھ کا روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا-اس موقع پر مہمان خصوصی نے پودا لگا کر سر سبز پاکستان مہم کا آغاز کیا-تقریب کے اختتام پر اسکول کے پرنسپل احسان مغل اور دیگر اساتذہ کرام نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا