برطانوی نژاد پاکستانی شیف سنیعہ عمران نے نیشنل کری ویک کک آف 2025 میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

لندن، جو دنیا بھر کے ذائقوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے — جہاں اسٹرابری اور آئس کریم سے لے کر فِش اینڈ چپس اور پاکستانی کھانے تک سب کچھ دستیاب ہے — وہیں حال ہی میں ہونے والے یوکے نیشنل کری ویک کک آف 2025 میں پاکستانی ذائقوں نے سب کو متاثر کر دیا۔

اس بین الاقوامی مقابلے میں برطانوی نژاد پاکستانی شیف سنیعہ عمران نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پانچ چیلنجنگ راؤنڈز پر مشتمل اس مقابلے میں سنیعہ نے چار راؤنڈز میں کامیابی اپنے نام کی۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام “باخبر سویرا” میں خصوصی گفتگو کے دوران سنیعہ نے بتایا کہ ہر راؤنڈ میں شرکاء کو محدود وقت میں ایک سرپرائز ڈش تیار کرنی ہوتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ججز نے ان کے پکوانوں کو “روحانی اور نفیس جنوبی ایشیائی ذائقوں کا امتزاج” قرار دیا۔ ان کے مطابق، سنیعہ نے ذائقے اور جدید کھانا پکانے کی تکنیک کے درمیان بہترین توازن قائم رکھا۔

ایک سوال کے جواب میں سنیعہ عمران نے کہا،

“مجھے کھانا پکانے کا شوق بچپن سے ہے۔ میں ہمیشہ سے چاہتی تھی کہ اپنے کھانوں کے ذریعے لوگوں کو خوشی دوں۔”

دلچسپ بات یہ ہے کہ شیف سنیعہ عمران پیشے کے اعتبار سے یوکے کے ایک سرکاری محکمے میں سینئر آئی ٹی پروجیکٹ ڈیلیوری مینیجر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی اپنے فالوورز کو مختلف کھانے پکانے کی ترکیبیں سکھاتی ہیں۔
ان کی ’اچاری چکن‘ کی ویڈیو کو 20 ملین ویوز مل چکے ہیں، جو ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔