“میری لینڈ: اے آئی الرٹ نے خالی چپس کے پیکٹ کو پستول سمجھ کر طالب علم کے پیچھے پولیس لگا دی”

امریکی ریاست میری لینڈ کی ایک کاؤنٹی بالٹیمور میں اسکول کے ایک طالب علم کو اس وقت ایک تکلیف دہ اور خوفناک لمحے کا سامنا کرنا پڑا جب اے آئی (مصنوعی ذہانت) الرٹ سسٹم نے اس کی جیب میں پڑے چپس کے خالی پیکٹ کو پستول بتا کر پولیس کو اس کے پیچھے لگا دیا۔

دور حاضر میں کام بہترین انداز میں کرنے کے لیے اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کا استعمال عام ہو رہا ہے لیکن امریکا میں اے آئی کی غلطی سے اسکول کے ایک طالب علم کو ہتھکڑیاں لگ گئیں۔ ریاست بالٹیمور کا 16 سال کا ٹاکی ایلن اسکول کے باہر فٹبال پریکٹس کے بعد اپنی گاڑی کا انتظار کر رہا تھا کہ اچانک پولیس آئی اور طالب علم پر بندوقیں تان کر اسے زمین پر لٹا دیا۔

ایلن نے بتایا کہ پولیس نے اس کی تلاشی لی اور کہا کہ (اے آئی) سے چلنے والے ایک سسٹم نے چپس کے پیکٹ کو پستول سمجھ کر الرٹ جاری کر دیا تھا۔ بالٹیمور کاؤنٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ افسران نے ’اس وقت مہیا کی گئی معلومات پر مناسب ردِ عمل دیا۔‘ واقعے کے بعد طلبہ اے آئی الرٹ سسٹم پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اے آئی کی ایک ’’چھوٹی‘‘ غلطی کس طرح ’’بڑی‘‘ تکلیف کا باعث بن سکتی ہے، ٹاکی ایلن اس کی ایک بہترین مثال بن گئے ہیں، جس کے لیے پولیس کی کارروائی ایک خوفناک لمحہ بن گئی تھی۔

یہ واقعہ ریاست میری لینڈ کے ایک ہائی اسکول کے طالبِ علم کے ساتھ چند دن قبل پیش آیا ہے، ٹاکی ایلن (Taki Allen) نے کہا ’’یہ بہت ڈراؤنا واقعہ تھا، ایسا کچھ میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔‘‘ پیر کی شام تقریباً 7 بجے ایلن کے مطابق وہ بالٹیمور کاؤنٹی کے کین وُڈ ہائی اسکول کے باہر فٹ بال پریکٹس کے بعد اپنی سواری کا انتظار کر رہا تھا۔

ایلن نے بتایا ’’انتظار کے دوران وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا، ڈوریٹوز چِپس کھائے، پھر خالی پیکٹ کو جیب میں ڈال لیا۔ تقریباً 20 منٹ بعد 8 پولیس گاڑیاں آ گئیں، پہلے تو مجھے سمجھ ہی نہیں آئی وہ کہاں جا رہے ہیں، پھر وہ میری طرف بندوقیں تانے چلنے لگے اور کہنے لگے زمین پر لیٹ جاؤ!‘‘

ایلن نے کہا ’’میں حیران رہ گیا، پھر انھوں نے مجھے گھٹنوں کے بل بیٹھنے کو کہا، ہاتھ پیچھے کرائے، ہتھکڑیاں لگائیں، تلاشی لی اور آخر میں پتا چلا کہ میرے پاس کچھ نہیں ہے۔ پھر وہ وہاں گئے جہاں میں کھڑا تھا، وہاں انھیں زمین پر چِپس کا پیکٹ ملا۔‘‘

ایلن نے پولیس والوں سے پوچھا کہ انھوں نے اس پر شک کیوں کیا؟ اہلکار نے کہا کہ کسی AI ڈیٹیکٹر نے بندوق کی موجودگی کا پتا لگایا تھا۔ اہلکاروں نے ایلن کو ایک تصویر بھی دکھائی جس میں وہ چِپس کا پیکٹ پکڑے ہوا تھا، لیکن ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ پستول ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال سے بالٹیمور کاؤنٹی کے ہائی اسکولوں میں ایسا مصنوعی ذہانت پر مبنی ہتھیار شناختی نظام لگایا گیا ہے جو اسکول کے کیمروں سے ویڈیوز کا تجزیہ کر کے ممکنہ ہتھیار کی نشان دہی کرتا ہے۔ یہ سسٹم کسی مشتبہ شے کی شناخت کر کے اسکول کی حفاظتی ٹیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری اطلاع دیتا ہے۔

ایلن کے دادا لامونٹ ڈیوس نے اس واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا ’’کوئی بھی نہیں چاہے گا کہ اس کے بچے کے ساتھ ایسا ہو۔‘‘