چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو فخر ہے کہ وہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبان ہے، جو پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

کراچی

مور خہ 24اکتوبر 2025

کراچی 24 اکتوبر۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو فخر ہے کہ وہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبان ہے، جو پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ *141 سے زائد ممالک* کے فنکاروں کی شرکت سے *”ثقافت کے ذریعے سفارتکاری”* کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی ثقافتی شناخت عالمی سطح پر مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول سندھ کے ورثے، مہمان نوازی اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرے گا اور پاکستان میں بین الاقوامی ثقافتی ہم آہنگی اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ، سیکریٹری ثقافت، ایم سی کے ایم سی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینیجمینٹ، نمائندہ رینجرز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیسٹیول کے سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، بجلی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ شہریوں اور بین الاقوامی مہمانوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 30 اکتوبر سے 7 دسمبر تک منعقد ہوگا، جس میں 141 ممالک کے 1000 سے زائد فنکار اور اداکار پرفارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، یورپ، افریقہ اور ایشیا کے مختلف ممالک کے فنکار اپنی ثقافت، موسیقی، رقص اور روایات کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے سندھ حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حکومتِ سندھ کا تعاون فیسٹیول کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے جائیں، جبکہ کے ایم سی کو شہر کی سڑکوں کی مرمت، صفائی اور بیوٹیفکیشن یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کے الیکٹرک کو آرٹس کونسل میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ مزید برآں، محکمہ صحت، فائیر برگیڈ اور ریسکیو 1122 کو بھی فیسٹیول کے دوران ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کے دوران شہریوں کو ٹریفک مسائل سے بچانے کے لیے متبادل راستوں کی پیشگی منصوبہ بندی کی جائے، شرکاء کی آمد و رفت کے لیے خصوصی پارکنگ ایریاز کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور آرٹس کونسل کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہجوم یا رکاوٹ کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتظامات کی نگرانی اور مؤثر رابطے کے لیے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر ورلڈ کلچر فیسٹیول کا خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکہ یہ ایونٹ امن، رواداری اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائے گا۔ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت ثقافت، سیاحت اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کے لیے سفارتکاری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔