کورنگی میں عالمگیر اسکولنگ سسٹم کے تحت یومِ طلبہ کا پر جوش انعقاد

24 اکتوبر 2025ء

پریس ریلیز

کورنگی میں عالمگیر اسکولنگ سسٹم کے تحت یومِ طلبہ کا پر جوش انعقاد

کراچی () کورنگی ڈیڑھ نمبر گلگت کالونی کی غریب آبادی کے سینکڑوں بچوں کے چہروں پر خوشیاں بکھر گئیں، جب عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے تحت قائم عالمگیر اسکولنگ سسٹم میں یومِ طلبہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں خصوصی انعامات تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں بچوں کو کتابیں، یونیفارم، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر تعلیمی مواد تحفتاً فراہم کیا گیا۔ عالمگیر اسکولنگ سسٹم کے تحت کورنگی کے پسماندہ علاقے میں قائم اسکول میں 250 سے زائد غریب بچوں کو صبح اور شام میں معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، جہاں نہ صرف تعلیم مفت دی جاتی ہے بلکہ کورس، یونیفارم اور لنچ بھی دیا جاتا ہے۔

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل اس منصوبے پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ کرتا ہے، جبکہ مجموعی طور پر تعلیم کے مختلف شعبوں پر سالانہ پچاس کروڑ روپے سے زائد کابجٹ ہے۔ ان خدمات میں اسکول کورس کی فراہمی، اسکالرشپس، اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور فنی تربیت شامل ہیں۔

نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ٹرسٹ کے تحت قائم عالمگیر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں درجنوں فنی شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ صفہ سویٹ ہومز اسلام آباد میں سینکڑوں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور مکمل کفالت بھی انجام دی جا رہی ہے۔

اسی طرح زینب ری ہیبیلیٹیشن کے ذریعے ذہنی معذور بچوں کی تعلیم اور تربیت کا کام بھی گزشتہ 30 سالوں سے انجام دیا جارہا ہے

ترجمان عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل جناب نثار احمد کے مطابق، ہم تعلیم کو ترقی اور خوشحالی کی بنیاد سمجھتے ہیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ کوئی بچہ غربت کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔

*
جاری کردہ
شکیل الدین
معاون برائے ترجمان
عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل