افراد باہم معذور ہماری سماجی و قومی زندگی کا اہم حصہ ہیں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا انسانی وقار اور شمولیتی معاشرے کے فروغ کا مظہر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
اسلام آباد، 21 اکتوبر
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افراد باہم معذور ہماری سماجی اور قومی زندگی کا اہم حصہ ہیں، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا دراصل انسانی وقار اور شمولیتی معاشرے کے فروغ کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت افراد باہم معذور کی فلاح و بہبود، تعلیم، اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں پاکستان بلائنڈ اسپورٹس بورڈ کے زیراہتمام منعقدہ “2025 آئی بی ایس اے گول بال / پیسفک چیمپئن شپ” کی اختتامی تقریب اور عشائیے سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں گیارہ ممالک نے شرکت کی، جسے پاکستان نے شاندار انداز میں میزبانی کے ساتھ منعقد کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس نہ صرف افراد باہم معذور کے حوصلے بلند کرتے ہیں بلکہ دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام سماجی ہم آہنگی، برداشت، اور برابری کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں افراد باہم معذور کھلاڑیوں کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر مواقع اور معاونت فراہم کی جائے تو کوئی رکاوٹ ان کے راستے میں حائل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بلائنڈ اسپورٹس بورڈ مستقبل میں بھی ایسے مثبت اور باوقار ایونٹس کے ذریعے افراد باہم معذور کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مواقع پیدا کرتا رہے گا پروگرام میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے بینائی سے محروم 10 سالہ بچے فہد نے اپنی سریلی آواز سے سامعین کو محظوظ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس بچے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس کے کیرئیر کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان بلائنڈ اسپورٹس بورڈ کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا، تاکہ وہ اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے سکیں اور افراد باہم معذور کے کھیلوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار مؤثر انداز میں جاری رکھیں تقریب کے دوران پاکستان بلائنڈ اسپورٹس بورڈ نے کوئٹہ میں ایک بین الاقوامی سطح کے “اسپورٹس فیسٹیول” کے انعقاد کی پیشکش بھی کی تاکہ صوبائی دارالحکومت کو افراد باہم معذور کے کھیلوں کے فروغ کا مرکز بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر ایونٹ کے منتظمین، کھلاڑیوں، اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کھیلوں کے فروغ اور افراد باہم معذور کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصل طاقت اس کی شمولیت میں ہے، اور بلوچستان حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ افراد باہم معذور کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیے بغیر کوئی معاشرہ مکمل ترقی نہیں کر سکتا تقریب میں سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ اور رکن ایوانِ بالا سینیٹر دنیش کمار بھی موجود تھے۔























