امریکی ریاست مشی گن کے قریب ایک منفرد جزیرہ موجود ہے جہاں جدید کاروں کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہے اور ہر شخص اپنی سواری کے لیے گھوڑے کا استعمال کرتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشی گن کا شہر ڈیٹرائٹ دنیا بھر میں کارسازی کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں فورڈ، جنرل موٹرز اور کرسلر جیسی بڑی کار ساز کمپنیاں موجود ہیں۔ تاہم حیرت انگیز طور پر اسی ریاست میں ایک ایسا پرسکون جزیرہ بھی ہے جس کا طرزِ زندگی بالکل الٹ ہے — ماکینک جزیرہ، جہاں ایک بھی گاڑی نہیں چلتی۔
کہا جاتا ہے کہ 1898ء میں پہلی بار ایک گاڑی اس جزیرے سے گزری تھی، جس کے شور سے گھوڑے بدک گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے گاڑیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی جو آج تک برقرار ہے۔
گزشتہ ایک صدی سے یہاں کی تمام نقل و حرکت گھوڑوں کے ذریعے ہی ہوتی ہے۔ تقریباً 600 گھوڑے اس جزیرے کے اصل “نقل و حمل کے نظام” کا حصہ ہیں — یہی گھوڑے گاڑیاں کھینچتے ہیں، کوڑا کرکٹ اٹھاتے ہیں، اور یہاں تک کہ کوریئر سروس بھی انجام دیتے ہیں۔
مشی گن کے شمالی علاقے سے لوگ تقریباً 20 منٹ کی فیری کے ذریعے اس جزیرے تک پہنچتے ہیں، جہاں وہ عموماً مشہور فج (Fudge) کا ذائقہ چکھنے آتے ہیں۔
یہ جزیرہ اپنی خاموشی، گھوڑوں کی ٹاپوں کی آواز، اور گاڑیوں کے شور سے پاک پرسکون ماحول کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے سکون کا مرکز بن چکا ہے۔























