چین کے مشرقی صوبے ژیجیانگ کے شہر نینگبو میں 1800 سال قدیم ڈریگن نما مٹی پکانے والی بھٹی دریافت ہوئی ہے، جو مشرقی ہان خاندان 25 سے 220 عیسوی کے دور سے تعلق رکھتی ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ بھٹی انتہائی محفوظ حالت میں ملی ہے اور اس کی ساخت اس زمانے کی اعلیٰ فنی مہارت کو ظاہر کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تاریخی مقام گوٹانگ آؤ بھٹی کمپلیکس کہلاتا ہے، جو بیضی گاؤں، سی چینگ ٹاؤن شپ میں واقع ہے، دریافت شدہ بھٹی کی لمبائی 22 میٹر سے زائد ہے اور اس کی بناوٹ ڈھلوانی اور لمبی ہے، جس کے ایک سرے پر آگ جلانے کا خانہ اور دوسرے سرے پر دھوئیں کے اخراج کا راستہ موجود ہے، اسی وجہ سے اسے ڈریگن نما بھٹی کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھٹی کی تعمیر میں ہوا کے بہاؤ اور حرارت کی تقسیم کا خاص خیال رکھا گیا تھا، اس کی بناوٹ کا زاویہ 24 سے 28 ڈگری کے درمیان ہے، تاکہ آگ پوری بھٹی میں یکساں پھیل سکے۔ بھٹی کے اندر کئی بار مرمت کے نشانات ملے ہیں، جو ظاہر کرتے ہیں کہ یہ بھٹی کئی صدیوں تک استعمال ہوتی رہی۔
تحقیقات کے دوران ڈریگن نما بھٹی سے چینی مٹی کے برتنوں کی بڑی تعداد ملی ہے، جن پر سبز رنگ کی چمک اور سیاہ چمک چڑھی ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق ان برتنوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُس دور میں نینگبو کے کاریگر اعلیٰ معیار کی ٹیکنالوجی اور فن حاصل کر چکے تھے۔























