اے آئی کے بڑھتے استعمال سے وکی پیڈیا کی مقبولیت میں 8 فیصد کمی

دنیا کی سب سے بڑی معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو تقریباً 8 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وکی پیڈیا کے وزٹرز کی تعداد میں یہ کمی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث سامنے آئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب زیادہ تر صارفین معلومات حاصل کرنے کے لیے اے آئی چیٹ بوٹس یا ڈیجیٹل اسسٹنٹس پر انحصار کر رہے ہیں، جس سے روایتی معلوماتی ویب سائٹس کی اہمیت میں کمی آرہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، جدید سرچ انجنز اب صارفین کو سیدھا اور فوری جواب فراہم کرتے ہیں، اس لیے زیادہ تر لوگ وکی پیڈیا پر کلک کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔ اس کے علاوہ نئی نسل معلومات کے لیے یوٹیوب، انسٹاگرام ریلس اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز کو ترجیح دے رہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وکی پیڈیا نے خود تسلیم کیا کہ مئی اور جون کے دوران ویب سائٹ پر ٹریفک کا ایک بڑا حصہ بوٹس (خودکار سسٹمز) کی سرگرمیوں پر مشتمل تھا، جس کے نتیجے میں حقیقی انسانی وزٹس میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

ادارے نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئی نئے اقدامات کا آغاز کیا ہے، جن میں مواد کے ذرائع کو مزید واضح بنانا، معلومات کی مستندیت میں اضافہ، اور نئے قارئین تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل حکمتِ عملی پر کام کرنے والی ٹیموں کی تشکیل شامل ہے۔