پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، عرفان محسود نے فنگر ٹِپ پُش اپس کے شعبے میں ناروے کے ایتھلیٹ سویری ڈائسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ سویری ڈائسن نے ایک منٹ میں 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 38 فنگر ٹپ پش اپس کیے تھے، جب کہ عرفان محسود نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک منٹ میں 42 فنگر ٹپ پش اپس مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

عرفان محسود اب تک پش اپس کیٹیگری میں دنیا کے سب سے زیادہ 70 عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔ وہ مختلف وزن — 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ — کے ساتھ سب سے زیادہ ریکارڈ قائم کرنے والے ایتھلیٹ ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مارشل پش اپس، اسکواٹس، اسٹیپ اپس، نی سٹرائکس، ایلبو سٹرائکس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس جیسی کئی دیگر کیٹیگریز میں بھی عالمی اعزازات حاصل کیے ہیں۔

عرفان محسود کا کہنا ہے کہ 2023ء میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی حاصل کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 9 برسوں میں 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں، اور انہیں اس کامیابی پر بے حد فخر ہے۔
مزید برآں، ان کے 20 شاگردوں نے بھی مختلف کیٹیگریز میں عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں، جس سے پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر مزید بلند ہوا ہے۔