دنیا کا طویل ترین نام: 6 صفحات پر مشتمل نام نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ایک شخص جس کا نام اتنا طویل کہ 6 صفحات پر لکھا جاتا ہے نام پکاریں تو 20 منٹ تک دہرانا پڑتا ہے عالمی ریکارڈ بن گیا ہے۔

دنیا میں کئی لوگوں کے طویل نام ہوتے ہیں۔ اکثر سری لنکن کرکٹرز کے نام بہت طویل ہوتے ہیں۔ بھارتی فلموں کے شائقین کو دھمال فلم کا ایک کردار ’’ائیر‘‘ یاد ہوگا جس نے اپنا نام بتاتے بتاتے گوا پہنچا دیا تھا۔

تاہم ہم آپ کو ایک ایسے شخص سے ملوا رہے ہیں، جو دنیا کا طویل ترین نام رکھنے کا عالمی ریکارڈ اپنے پاس رکھتا ہے۔ اس کا نام یہاں لکھنا ناگزیر ہے، کیونکہ یہ نام چند لائنوں نہیں بلکہ 6 صفحات پر ہی درج کیا جا سکتا ہے۔

سی این این کے مطابق اس عجیب وغریب نام کے حامل شخص کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔ 60 سالہ شخص کا پیدائشی نام تو صرف لورینس گریگوری واٹکنز ہے۔ تاہم انہوں نے ورلڈ ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرانے کے لیے 29 سال کی عمر میں اپنا نام تبدیل کر کے عالمی ریکارڈ پر اپنا قبضہ جما لیا۔

ان صاحب کا نام اتنا طویل ہے کہ اس کو مکمل دہرانے میں ہی صرف 20 منٹ درکار ہوتے ہیں۔ اس نام میں پرانے انگریزی اور لاطینی زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس طویل ترین نام کے لیے مشہور شخصیات سمیت پرانی انگریزی کی کتابوں سے حاصل کردہ ناموں کو شامل کیا گیا اور ہندسے بھی اس نام کا حصہ ہیں۔

اس حوالے سے لورینس واٹکنز کا کہنا ہے کہ ایک ٹی وی پروگرام ’ریپلیز بیلیو اٹ اور ناٹ‘ نے انہیں بے حد متاثر کیا اور عالمی ریکارڈ بنانے کا شوق ہوا۔ تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا مطالعہ کرکے اندازہ ہوا کہ عام فرد کے لیے عالمی ریکارڈ بنانا آسان نہیں، اس لیے دنیا کا طویل ترین نام بنانے کا ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کیا۔

لورینس نے یہ حیرت انگیز بات بھی بتائی کہ ٹائپسٹ نے ان کا یہ طویل ترین نام ٹائپ کرنے کے لیے 230 ڈالر (جس کی موجودہ دور میں پاکستانی کرنسی میں مالیت 64 ہزار روپے بنتی ہے) معاوضہ وصول کیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی حکومت نے 2 قوانین کو تبدیل کر کے اس طرح نام کو طویل کرنے کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا اور اب وہاں کے شہری 70 حروف سے زائد حروف پر مبنی نام نہیں رکھ سکتے اور نہ ہی وہ سرکاری خطابات، عہدے، نمبروں یا علامات کو اپنے نام کا حصہ بنانے میں استعمال کر سکتے ہیں۔