بھارت کی ریاست اترپردیش میں ایک کم عمر لڑکی نے اپنی والدہ کی معمولی ڈانٹ پر ایسا خطرناک قدم اٹھا لیا جس نے پورے علاقے کو خوف و حیرت میں مبتلا کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مرزا پور کے علاقے آدرش نگر پنچایت میں پیش آیا، جہاں گھر میں صفائی کے معاملے پر ماں اور بیٹی کے درمیان معمولی تکرار ہوگئی۔ واقعے کے کچھ دیر بعد غصے میں آکر لڑکی اچانک گھر سے باہر نکلی اور قریبی کھیتوں کے درمیان نصب ایک موبائل ٹاور(mobile tower) پر چڑھ گئی۔
مقامی افراد کے مطابق لڑکی کو ٹاور پر چڑھتے دیکھ کر کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں نے شور مچایا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس میں لڑکی کو خطرناک بلندی پر چڑھتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ نیچے کھڑے لوگ اسے منانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچ کر اہلکاروں نے بچی کو نیچے اترنے کے لیے قائل کرنے کی کئی بار کوشش کی، تاہم وہ ٹاور پر بیٹھی رہی۔ بعد ازاں اہل علاقہ اور پولیس کے اصرار کے بعد لڑکی کو دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔
تحقیقات کے دوران لڑکی نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ سے ناراض تھی کیونکہ والدہ نے اسے صفائی کے دوران ڈانٹا تھا، جس پر اس نے غصے میں آکر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس نے بچی کو سمجھا بجھا کر والدین کے حوالے کردیا اور اہل خانہ کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کریں تاکہ اس طرح کے افسوسناک واقعات سے بچا جاسکے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و تجسس کی فضا رہی جبکہ شہریوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بروقت کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔























