دبئی کی کافی شاپ کا دنیا کا سب سے مہنگا کافی کپ

دبئی کے لگژری کافی شاپ روَسٹرز نے دنیا کا سب سے مہنگا کپ کافی پیش کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس کی قیمت 2,500 درہم ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کافی شاپ کی دبئی میں چار اور متحدہ عرب امارات میں 11 شاخیں ہیں، 13 ستمبر کو بولیوارڈ ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں ایک صارف کو دنیا کی سب سے مہنگی کافی پیش کی گئی، کافی V-60 تکنیک سے تیار کی گئی اور جاپان کے مشہور اور خوبصورت نقش و نگار والے ایڈو کیریکو کرسٹل گلاس میں پیش کی گئی، جیسے اب گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ کافی انتہائی نایاب پنامانی جیشا بینز سے تیار کی گئی تھی، جو ہاسینڈا لا ایسمیراڈا فارم، پاناما کی مشہور پیداوار ہیں، صارف کو کافی کے ساتھ تیرامیسو اور چاکلیٹ آئس کریم بھی پیش کی گئی، جو انہی جیشا بینز سے بنائی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ ایک عالمی نیلامی میں اس کافی شاپ نے دنیا کی نایاب ترین جیشا کافی کی ساری کھیپ 604,000 ڈالر میں خرید کر کافی کی دنیا کو حیران کر دیا تھا، جس کے بعد حالیہ ترین ریکارڈ نے اس برانڈ کی لگژری کافی پیش کرنے کی شہرت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

جیشا بینز اپنی خوشبودار پھولدار، پھلدار اور ترش ذائقے کی وجہ سے مشہور ہیں، ایک ماہر بارسٹا نے کافی میز کے پاس جا کر تیار کی، اور صارف کو کافی اور جیشا بینز کے بارے میں معلومات بھی فراہم کی گئیں، تاہم صارف کا نام ابھی تک عوام کے سامنے نہیں آیا۔

روَسٹرز کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کانسٹنٹن ہاربز نے کہا کہ گنیز ریکارڈ ہماری ٹیم کی محنت کا ثبوت ہے اور دبئی کی پہچان کو عالمی سطح پر بہترین کافی تجربات کے لیے ممتاز مقام کے طور پر منوانے کی عکاسی کرتا ہے۔