کراچی
مور خہ12 دسمبر 2024
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کے زیر صدارت تیسرا ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس
اجلاس میں نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، اے این ایف، کسٹم، پولیس، اسکول و کالج ایجوکیشن، محکمہ سماجی بہبود، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، یو این او ڈی سی، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے اعلی افسران کی شرکت
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو اجلاس میں شریک محکموں کی منشیات کی روک تھام سے متعلق تفصیلی بریفنگ، اقدامات پر غور
صوبائی وزیر کی منشیات کی روک تھام سے متعلق میڈیا کمپین چلانے، ری ہیبیلیٹیشن سینٹرز کا ڈیٹا جمع کرنے، صوبے کے سرحدی علاقوں میں سرویلنس سسٹم کو بڑھانے، متعلقہ محکموں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ سسٹم قائم کرنے کی ہدایت
کراچی 12دسمبر۔صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کے زیر صدارت تیسرا ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکریٹری ای ٹی اینڈ این سی محمد سلیم راجپوت، سیکریٹری سماجی بہبود پرویز علی سیہڑ، ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سندھ اورنگزیب پنھور، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس برگیڈئیر عمر فاروق، ڈائریکٹر اکیڈمک سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن خالد حسین مہر، سینئیر ممبر یونائیٹڈ نیشنز آفس آن ڈرگز اینڈ کرائمز ساجد اسلم، ایڈیشنل ڈائریکٹر کسٹمز باسط حسین، ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر سمیت محکمہ اسکول ایجوکیشن، کالج ایجوکیشن، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز و متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو اجلاس میں شریک تمام محکموں کی جانب سے منشیات کے خاتمے، روک تھام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ممکنہ اقدامات اقدامات پر غور کیا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف برگیڈئیر عمر فاروق نے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات فروشوں نے کس طرح اسمگلنگ کے روایتی طریقوں میں جدت پیدا کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ منشیات فروش، صابن، شیمپو، کپڑوں، ای سگریٹ (ویپ)، طبی دستانوں، چاکلیٹس، مشروبات، کار ائیرکنڈیشن کمپریسر، سفری بیگز اور دیگر سامان سمیت کھانے پینے کی اشیاء تک کے ذریعے منشیات اسمگل کررہے ہیں۔ ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر نے بتایا کہ سندھ پولیس نے رواں برس منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 10 ہزار سے چھاپوں میں 13 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا اور ساڑھے گیارہ ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جبکہ منشیات فروشوں کے قبضے سے 122 کلو گرام سے زائد آئس کرسٹل، 54 کلو گرام ہیروئن، ساڑھے آٹھ ہزار کلوگرام سے زائد چرس، 105 کلو افیون اور 32 ہزار لیٹر سے زائد لوکل شراب برآمد کی ہے۔ محکمہ تعلیم کے افسران نے بتایا کہ انھوں نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو منشیات فروشی اور طلباء کو منشیات کے استعمال سے بچاؤ سے متعلق آگاہ کیا ہے جس کے بعد تعلیمی اداروں میں بالخصوص غیرتدریسی عملے پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے جبکہ مختلف تعلیمی اداروں سے کچھ افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے اجلاس میں شریک تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آپ تمام اچھا کام کررہے ہیں تاہم منشیات کے خاتمے اور اسکے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے ہمیں مزید ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے منشیات کی روک تھام سے متعلق عوامی آگہی کے لیے بھرپور میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ صوبے کے سرحدی علاقوں میں سرویلنس کے نظام کو بڑھایا جائے اور منشیات کے خلاف کاروائیوں سے متعلق تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کا نظام قائم کیا جائے۔ انھوں نے منشیات کے عادی افراد کے لیے قائم تمام پرائیویٹ ری ہیبلیٹیشن سینٹرز (Rehabilitation Centers) کا ڈیٹا جمع کرکے جامع پالیسی مرتب کرنے جبکہ منشیات کی روک تھام سے متعلق بروقت اقدامات کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ہینڈآؤٹ نمبر 925۔۔۔