
حیسکو میں ڈیڈکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات پر ترجمان حیسکو صادق کمبر نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی چوری کے تمام شواہد حاصل کیے جاتے ہیں اور مروجہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
ترجمان حیسکو صادق کمبر نے کہا کہ اگر کسی صارف کے خلاف میٹر ٹمپرنگ، بائی پاس یا لوپنگ کے ذریعے بجلی چوری ثابت ہوتی ہے تو حیسکو انتظامیہ کی جانب سے قانون کے مطابق جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں فوٹوگرافی اور ویڈیو کی صورت میں شواہد جمع کیے جاتے ہیں سارف کو نوٹس دیا جاتا ہے ایم این ٹی کی ٹیم اور ایس اینڈ ائی وہاں وزٹ کرتی ہے اور تمام ثبوت صارف کو دکھائے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کو آگاہی دی جا رہی ہے کہ وہ قانونی طریقے سے بجلی استعمال کریں۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت توانائی نے ایک موبائل ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین خود اپنی ریڈنگ لے کر جمع کرا سکتے ہیں تاکہ درست بلنگ یقینی بنائی جا سکے۔
صادق کمبر نے مزید کہا کہ اے ایم آئی (Advanced Metering Infrastructure) میٹرز کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہے جو ہر گھنٹے بعد خودکار طریقے سے ریڈنگ لے کر مرکزی سرور کو بھیجتا ہے، اس سے بلنگ کی درستگی میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کے ڈیٹا میں شناختی کارڈ اور موبائل نمبر شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ شکایات فوری حل کی جا سکیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حیسکو کے ملازمین سے مکمل تعاون کریں، بجلی چوری سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی روکیں۔
ترجمان حیسکو صادق کمبر نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ شفاف اور مستحکم توانائی نظام قائم کیا جا سکے۔
Load/Hide Comments























