
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکومت سندھ کی جانب سے مزید اضلاع میں پیپلز بس سروس شروع کرنے اور ای وی بسوں کے نئے روٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
سینئر وزیر نے کراچی میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے آپریشنز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا، جہاں حکام نے انہیں آپریشنز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے۔ یہاں سے پیپلز بس سروس، گرین لائن اور اورنج لائن کی نگرانی کی جاتی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو محفوظ، آرام دہ اور سستا سفر فراہم کرنا ہے۔























